برطانوی شہزادی ڈیانا کی 20 ویں برسی قریب آ رہی ہے اور ساتھ ہی ان کی زندگی کے "حیران کُن" رازوں پر سے پردہ ہٹنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ کروڑوں دلوں پر راج کرنے والی ڈیانا 31 اگست 1997 کو پیرس میں ایک ٹریفک حادثے میں ہلاک ہو گئی تھیں۔

برطانوی اخبار "دی ٹیلی گراف" نے شہزادی ڈیانا کی حال ہی میں منظر عام پر آنے والی صوتی ریکارڈنگوں کا متن شائع کیا ہے جس انہوں نے شہزادہ چارلس کے ساتھ اپنے ازدواجی تعلقات کے متعلق گفتگو کی ہے۔

اخبار کے مطابق ڈیانا نے ان ریکارڈنگوں میں انکشاف کیا کہ شہزادہ چارلس شادی سے پہلے اور اس کے بعد ان کے ساتھ کس طرح کا معاملہ رکھتے تھے۔ ڈیانا کا کہنا تھا کہ شہزادہ چارلس ہر تین ہفتوں میں صرف ایک مرتبہ حق زوجیت ادا کرتے تھے۔ ڈیانا نے چارلس کے ساتھ اپنی زندگی کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ شادی کا دن ان کی زندگی کا غمگین ترین دن تھا۔

ڈیانا کی گفتگو میں بتایا گیا کہ شہزادہ چارلس ان کی خواہش نہیں رکھتے تھے اور دونوں کے درمیان کبھی کبھار قائم ہونے والا جنسی تعلق بھی روٹین کی نوعیت کا ہوتا تھا۔

ڈیانا کے مطابق اگر ان کے بس میں اپنی زندگی کو تبدیل کرنا ہوتا تو وہ یہ خواہش کرتیں کہ شہزادہ چارلس اپنی دوست Camilla Parker Bowles جن سے چارلس نے (بعد میں شادی بھی کر لی) کے ساتھ چلے جائیں اور پھر کبھی لوٹ کر نہ آئیں۔

صوتی ریکارڈنگوں میں شہزادی ڈیانا نے حوالہ دیا کہ شادی سے قبل وہ شہزادہ چارلس سے صرف 13 بار ملی تھیں۔ ڈیانا نے بتایا کہ " وہ مجھ سے ایک ہفتے تک روزانہ رابطہ کرتے اور اس کے بعد تین ہفتوں تک کوئی خبر نہ ہوتی"۔

یاد رہے کہ مذکورہ صوتی ریکارڈنگوں کا مقصد ڈیانا کا انداز گفتگو اور انداز خطاب بہتر بنانا تھا۔ تاہم شہزادی نے اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے شہزادہ چارلس کے ساتھ اپنی ازدواجی زندگی اور چارلس کے کیمیلا کے ساتھ تعلق پر گفتگو کر ڈالی۔

شہزادی ڈیانا کے اپنے دوست اور صوتیات کے استاد پیٹر سیٹلن کے ساتھ گفتگو کے وڈیو کلپوں کو ڈیانا کی زندگی سے متعلق نئی دستاویزی فلم میں شامل کیا جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے نے کئی برس قبل ان صوتی ریکارڈنگوں میں سے بعض کے نشریاتی حقوق خریدنے کی کوشش بھی کی تھی تاہم شاہی خاندان کے غضب ناک ہونے کے خوف سے اس خیال پر عمل درامد نہیں کیا۔

دوسری جانب شہزادی ڈیانا کے بیٹوں ولیم اور ہیری نے بھی "ڈیانا ہماری ماں" کے نام سے ایک دستاویزی فلم تیار کی ہے جس میں دونوں بھائیوں نے اپنی ماں کے ساتھ گزارے ہوئے زندگی کے بہترین دنوں کا ذکر کیا ہے۔