شامی اپوزیشن کا فیس بک پر دائرہ تنگ کر دیا گیا
رضاکاروں کے متعدد اکاونٹس بند، متبادل فورم کی تلاش جاری
شامی فوج اور اپوزیشن جنگجووں کے درمیان جاری لڑائی ایک نیا پہلو اختیار کر چکی ہے کیونکہ اب دونوں فریقوں کے درمیان جنگ زمین سے انٹرنیٹ پر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس فیس بک پر منتقل ہو چکی ہے۔
حال ہی میں اپوزیشن کے فیس بک پر متعدد اکاونٹ بند کئے جا چکے ہیں جو ان کے حق میں رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کر رہے تھے۔ اپوزیشن سماجی رابطوں کے ان فورمز کو استعمال میں لا کر اپنا نقطہ نظر رائے عامہ تک پہنچا رہے تھے۔
'فیس بک' انتظامیہ نے شامی اپوزیشن کا 'فراس طلاس' نامی اکاونٹ بند کر دیا ہے۔ فراس طلاس پیچ کو شام کے اندر اور باہر ہزاروں افراد نے ملک کے بارے میں روزمرہ معلومات کی خاطر 'لائیک' کر رکھا تھا۔ اپنی اسی عوامی مقبولیت کی وجہ سے یہ فورم شامی اپوزیشن اور ان کے حامیوں کے درمیان بحث و مباحثے کا فورم بنا ہوا تھا۔ اس اکاونٹ کوعالمی سطح پر متعدد اہم شخصیات اور ادارے باقاعدگی سے رجوع کر رہے تھے۔
شامی اپوزیشن کے ہمنوا سرگرم رضاکاروں کو فیس بک پر ہی شامی انقلابیوں کے ایک اور بااعتماد اکاونٹ 'آکاد الجبل' کی اچانک بندش پر بھی انتہائی حیرت ہوئی ہے۔ "آکاد الجبل" نامی اکاونٹ بھی شام سے متعلق غیر جانبدار معلومات دنیا تک پہنچانے کا ہم ذریعہ تھا۔
فیس بک انتظامیہ اس سے قبل 'کلنا الشھید حمزہ الخطیب' کے نام سے ایک مرجع خلائق اکاونٹ بند کر چکی ہے۔ اس پیچ کو انتہائی کم مدت میں چھے لاکھ افراد نے 'پسند' کیا تھا۔