"دمشق حکومت اور حزب اللہ کیمیائی ہتھیار استعمال کر رہے ہیں"
زملکا میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں
شامی باغیوں اور جنگجوؤں پر مشتمل جیش الحر نے دمشق کے نواح میں واقع ایک قصبے میں صدر بشارالاسد کی وفادار فوج اور لبنانی ملیشیا حزب اللہ کی جانب سے کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی اطلاع دی ہے۔
جیش الحر کے کارکنان کا کہنا ہے کہ اسدی فوج اور حزب اللہ نے دمشق کے نواح میں واقع قصبے زملکا میں باغیوں کے خلاف کیمیائی ہتھِیار استعمال کیے ہیں جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
شامی صدر بشارالاسد کی حکومت پر اس سے پہلے بھی باغیوں کے خلاف کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے الزامات عاید کیے جاچکے ہیں۔امریکا ،برطانیہ اور فرانس اس الزام کے حق میں اپنے شواہد اور خفیہ معلومات بھی پیش کررہے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ شامی حکومت نے باغیوں کی سرکوبی کے لیے اعصاب شکن سارن گیس سمیت ممنوعہ ہتھیار استعمال کیے ہیں۔