بین الاقوامی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف) کے انتظامی بورڈ نے پاکستان کے لیے چھے ارب ڈالر کے قرضے کی منظوری دے دی ہے۔عالمی ساہو کار ادارہ پاکستان کو تین سال کے عرصےمیں اقتصادی اصلاحات اور پائیدار ترقی کے نام پر یہ رقم دے گا۔
آئی ایم ایف کے ترجمان گیری رائس نے بدھ کی رات ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ ’’ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے آج پاکستان کے اقتصادی منصوبے کی مدد کی غرض سے چھے ارب ڈالر کے قرضے کی منظوری دے دی ہے۔اس کا مقصد ملک کی معیشت کی پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنا ہے اور ( لوگوں کے) معیار ِزندگی کو بہتر بنانا ہے‘‘۔
IMF Executive Board approved today a three-year US$6 billion loan to support #Pakistan’s economic plan, which aims to return sustainable growth to the country’s economy and improve the standards of living. pic.twitter.com/HCAMr1KWfK
— Gerry Rice (@IMFSpokesperson) July 3, 2019
فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق آئی ایم ایف کے بورڈ نے فوری طور پر پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر جاری کر دیے ہیں۔فنڈ آیندہ 39 ماہ کے دوران میں پاکستان کی کارکردگی کا سہ ماہی بنیاد پر جائزہ لے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے لیے آئی ایم ایف کا یہ تیرھواں پروگرام ہے۔اس کے تحت پاکستان کو آیندہ تین سال کے دوران میں دو ارب ڈالر سالانہ ملیں گے۔آئی ایم ایف کے ایرنسٹو رامیریز ریگو کی قیادت میں مشن نے 29 اپریل سے 11 اپریل تک پاکستا ن کا دورہ کیا تھا اور پاکستانی حکام سے بیل آؤٹ پیکج پر تبادلہ خیال کیا تھا اور دونوں نے 39 ماہ کے لیے چھے ارب ڈالر کے پیکج پر اتفاق کیا تھا لیکن اس کی ایک بڑی شرط یہ ہے کہ آئی ایم ایف کا مشن پاکستان کی اقتصادی اصلاحات اور ان پر عمل درآمد کا جائزہ لے گا ۔