تمام حقوق بحق العربیہ نیوز چینل محفوظ ہیں © 2021

دوست کو بھیجئے

بند کیجئے
برادران بجلی لینے گئے ہیں ۔۔۔!
دوست کا نام:
دوست کا ای میل:
بھیجنے والے کا نام:
بھیجنے والے کا ای میل:
Captchaکوڈ

 

بدھ 12 رجب 1442هـ - 24 فروری 2021م
آخری اشاعت: منگل 18 محرم 1436هـ - 11 نومبر 2014م KSA 11:17 - GMT 08:17
برادران بجلی لینے گئے ہیں ۔۔۔!

پاکستان اور چین کے درمیان 42 ارب ڈالر کے معاہدوں پر دستخط ہوئے۔ معاہدوں میں تمام سرمایہ کاری چین سے ہو گی۔ معاہدوں کے مطابق چینی حکومت کی اپنی کمپنیاں پاکستان میں بجلی کے 4 نئے منصوبے لگائے گی۔ ترقی و توانائی کے منصوبوں میں چین کی جانب سے پاکستان کے ساتھ دوستی قابل ستائش ہے۔ پاکستان میں سیاسی صورتحال کی وجہ سے چینی صدر کو اپنا دورہ پاکستان منسوخ کرنا پڑا۔ دھرنا ایجنٹ کو ”دیت“ کی رقم دے کر فارغ کیا، موصوف کے کینیڈا لوٹتے ہی حکومت نے چَین کا سانس لیا اور دورہ چین کو نکل دیئے۔ ڈھائی ماہ کے دھرنے کے ہیرو ٹی وی چینل بلکہ طاہر القادری کو دنیا میں شہرت دلانے والے ٹی وی چینل اپنے کئے پر پشیمان ہیں۔

قادری صاحب احسان فراموش نکلے اور اپنے رطب اللسان نیوز چینل کو قانونی نوٹس بھجوا دیا۔ اس نیوز چینل نے دعویٰ کیا تھا کہ طاہر القادری نے دو ارب کے عوض دھرنا ختم کیا۔ ”دیت“ کا انکشاف سب سے پہلے ہمارے قلم نے کیا۔ ”آواز خلق کو نقارہ¿ خدا“ سمجھ کر قادری صاحب اپنے محسن نیوز چینل کو در گزر کر دیں۔ ہمارے گھر سے پندرہ منٹ کی ڈرائیو پر ایک مقامی ہال میں قادری صاحب کا خطاب ہو رہا تھا۔ مریدان کی جانب سے نیویارک میں منعقد ہونے والی عوامی تحریک کی اس تقریب میں موصوف نے فرمایا کہ ”دھرنا ختم ہوا اور اب سیاسی جنگ شروع ہوئی ہے۔“

قادری صاحب نے ماڈل ٹاﺅن سے چلتے وقت کہا تھا کہ ہم میں سے (عمران اور قادری) شریف برادران کا استعفیٰ لئے بغیر جو واپس آئے اسے شہید کر دینا۔ لیکن قادری صاحب تو واپس ہی نہیں بلکہ اربوں روپیہ لے کر کینیڈا لوٹ گئے مگر کسی غیرت مند نے انہیں شہید نہ کیا۔ مسلمانوں کی ایک اچھی خاصی برین واش کلاس ان کے قبضے میں ہے، ایسے لوگ تو باہر والوں کے لئے سونے کی چڑیا ہوتے ہیں اور عمران خان بیچارہ قادری کو جپھیاں مارتا رہ گیا۔ عمران خان جس کا ”فین“ ہو جائے، وہی اس کی پیٹھ میں چُھرا گھونپ جاتا ہے۔ پرویز مشرف کا ساتھ دیا لیکن اس نے وزارتِ اعظمیٰ دینے کا وعدہ پورا نہ کیا، سابق چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کی بحالی کے لئے جان ہتھیلی پر رکھ کر اسلام آباد پہنچے مگر افتخار چودھری نے بھی خان کے ساتھ بے وفائی کی اور بقول خان الیکشن میں تاریخ کی شرمناک دھاندلی کرائی، سابق چیف الیکشن کمشنر فخر الدین ابراہیم کے تو خان صاحب عاشق تھے، ان کے اصرار پر ہی تو فخرو بھائی کو شفاف الیکشن کی ذمہ داری سونپی گئی مگر اس ریٹائر جج نے بھی عمران خان کو دھوکہ دیا، بقول خان کے تاریخ کے شرمناک الیکشن کراوائے گئے۔

بزرگ سیاسی رہنما جاوید ہاشمی کو ملتان ان کے گھر سے لے کر آئے اور اپنا رہنما بنایا مگر ہاشمی صاحب نے بھی عمران خان کی کمر توڑ دی۔ یہی نہیں پھر خان نے کیا کِیا کہ علامہ طاہر القادری کے کاندھے پر دھرنا دے بیٹھا، عید کی نماز قدموں میں ادا کی، قادری سے جپھیاں ڈالیں، قادری کی شخصیت کے بارے میں قصیدے پڑھے جاتے مگر قادری نے خان کو ٹرک سے دھکا دے دیا۔ چند روز قبل (ر) جسٹس ناصر اسلم پر نظر کرم ٹھہری ہے کہ دھاندلی کی تحقیقات جسٹس ناصر اسلم جیسے پاک باز جج سے کرائی جائے، جسٹس ناصر اسلم خان صاحب کے نظر انتخاب سے پریشان ہیں کہ پہلوں کا انجام انہیں یاد ہے۔ خان صاحب کی جانب سے سابق جسٹس تصدق حسین مسترد کئے جانے پر کلمہ شکر ادا کر رہے ہیں۔ سیاسی سیانے کہتے ہیں کہ عمران خان انتہا پسند طبیعت کے مالک ہیں، تعریف کرنے پر آئیں تو ٹرک پر چڑھا دیں اور مخالفت پر اتر آئیں تو زمین پر اتار دیں۔ البتہ دو نقاب پوش ڈکیت شیخ رشید اور شاہ محمود قریشی کے شکنجے سے نکلنا ناممکن ہے۔ شریف برادران چین بجلی لینے گئے تھے۔

عمران خان کو گِلہ ہے کہ ان کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو ہمراہ کیوں کر نہیں لے گئے۔ پرویز رشید سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا ”وزیر اعلیٰ پنجاب سیاسی دورے پر چین گئے ہیں جب ثقافتی دورے کا موقع آئے گا تو پرویز خٹک کو بھی ہمراہ لے جائیں گے“ حالانکہ پی ٹی آئی والے کہہ چکے ہیں کہ آزادی ٹرک پر پرویز خٹک رقص نہیں کر رہے تھے وہ تو ہِوا تیز چل رہی تھی۔ خان صاحب کو علم ہونا چاہئے کہ برداران چین بجلی لینے گئے تھے! پاکستان کو بجلی مل گئی تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔ پرویز خٹک کا چین نہ جانا ہی پریشانی کی بات نہیں، بجلی کا مل جانا بھی پریشانی کا باعث ہو گا۔

بہ شکریہ روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘

کالم نگار کی رائے سے العربیہ ڈاٹ نیٹ کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے

نقطہ نظر

مزید