تمام حقوق بحق العربیہ نیوز چینل محفوظ ہیں © 2019

دوست کو بھیجئے

بند کیجئے
بلڈوزر
دوست کا نام:
دوست کا ای میل:
بھیجنے والے کا نام:
بھیجنے والے کا ای میل:
Captchaکوڈ

 

منگل 22 صفر 1441هـ - 22 اکتوبر 2019م
آخری اشاعت: پیر 30 ذیعقدہ 1436هـ - 14 ستمبر 2015م KSA 11:55 - GMT 08:55
بلڈوزر

کوئی انسان فرشتہ نہیں ہو سکتا۔ ہر شخص میں کچھ خوبیاں اور خامیاں ہوتی ہیں۔ مگر ان دوستوں اور دشمنوں کا کیا کہنا جو انسان کو فرشتہ یا پھر شیطان ثابت کرنے کے لئے ایڑی چوٹی کا زور لگا دیتے ہیں۔ ظاہر ہے ایسے تجزیہ کار بھی فرشتہ نہیں انسان ہوتے ہیں۔ ہمارے پیارے ملک پاکستان میں ایسے ماہرین بھی ہیں جو ضرورت پڑنے پر دونوں کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسکی عمدہ مثال وہ خبریں، بیانات و تجزیے ہیں جو سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ سے متعلق سامنے آئے ہیں۔ بطور سپریم کورٹ رپورٹر جسٹس خواجہ کی عدالتی کارروائی کا عینی شاہد ہوتے ہوئے راقم الحروف ان خبروں اور تجزیوں کے پس منظر کو بخوبی سمجھتا ہے۔ یہ محض اتفاق نہیں کہ جسٹس جواد ایس خواجہ کے خلاف وکلاء نمائندوں اور تنظیموں کے بیانات و احتجاج کی وجہ وہ سینئر وکلاء ہیں جن کی خدمات بڑی بڑی ہاﺅسنگ سوسائٹیوں اور تعمیراتی کمپنیوں نے حاصل کر رکھی ہیں۔ سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کے پاس صرف 23 دن تھے اور ان کا سامنا ان پہاڑ جیسے فریقین سے تھا جن کا آٹھ سال مدت عہدہ والے افتخار محمد چوہدری بھی کچھ نہیں بگاڑ سکے۔ سپریم کورٹ کے کمرہ عدالت نمبر1 میں بحریہ ٹاﺅن اور ڈیفنس ہاﺅسنگ اتھارٹی کے مقدمات کی سماعت میں وکلاء، عدلیہ، میڈیا اور ریاستی اداروں نے ایک دوسرے کو خوب بے نقاب کیا۔ ان مقدمات کی سماعت کے دوران محکمہ جنگلات پنجاب کے ایک 72 سالہ سابق افسر ملک شفیع نے دل دہلا دینے والے انکشافات کیے ۔ان کے مطابق 2005ء میں وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے بحریہ ٹاﺅن کو براہ راست اور ماتحت افسران کی قانونی رائے کے بغیر سادہ کاغذوں پر سرکاری جنگلات میں تعمیراتی کام کی اجازت دی۔ اسی طرح لاہور کی ڈیفنس ہاﺅسنگ اتھارٹی کو جنرل مشرف کے ایک حکم نامے کے ذریعے یہ مضحکہ خیز اختیار دیا گیا کہ اتھارٹی ایک کمرشل ادارہ ہونے کے باوجود از خود "قانون سازی" بصورت نوٹیفیکیشن کے ذریعے اپنے لئے کسی بھی اراضی کی ملکیت و قبضہ حاصل کر سکے۔ ایک سینئر قانون دان ایڈووکیٹ شاہد حامد نے نقشوں کی مدد سے انکشاف کیا کہ اس "قانونی اختیار"کو استعمال کرتے ہوئے ڈی ایچ اے نے شہر لاہور کی آدھی اراضی پر ملکیتی دعویٰ کر لیا ہے۔ معزز ججوں نے یہاں تک سوال اٹھائے کہ آخر اعلیٰ فوجی افسران کے لئے ایک کمرشل ادارے میں خصوصی معاوضے پر کام کرنا قانوناََ کیسے ممکن ہے۔ ایسے بہت سے دوسرے حساس انکشافات بھی ہوئے جن کو سن کر معاشرے کی آنکھ اور کان ہونے کا دعویٰ کرنے والے میڈیا کی زبان بھی گنگ ہو گئی۔ کمرہ عدالت میں بیٹھے صحافی حضرات بھی ایک دوسرے سے نظریں چراتے اور اپنے قلم چباتے نظر آئے۔ جن سرکاری جنگلات پر ان بڑے کاروباری اداروں کے قبضوں کی خوفناک داستان بیان ہو رہی تھی انہی جنگلات میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے صحافیوں کو اسی وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے رہائشی کالونی کے لئے بھی سینکڑوں ایکڑ زمین الاٹ کی تھی۔ یوں تو اور بہت سے انکشافات ہوئے مگر وہ سب کچھ میڈیا پر خصوصاََ ٹیلی وژن میڈیا پر نہیں آیا۔ معلومات کا ایک دریا تھا جس پر تعمیراتی کمپنیوں نے ایک بند تعمیر کر دیا جہاں سے یہ معلومات سوشل میڈیا اور چھوٹے ٹی وی چینلوں کے ذریعے ندی نالوں کی صورت بہتی رہی۔ان حالات میں میڈیا تو کیا 23 دن کے چیف جسٹس بھی بے بس نظر آئے۔ یہ وہ چیف جسٹس تھے جنہوں نے اپنے ساتھی ججوں کے دو دو سرکاری پلاٹوں کے برعکس ایک بھی سرکاری پلاٹ لینے سے انکار کیا۔ مگر ان کے اس انکار پر ایک سرکاری پلاٹ لینے والے افتخار محمد چوہدری کاجنرل مشرف کے سامنے ایک انکار حاوی رہا۔ جسٹس خواجہ نے اپنے ایک اور فیصلے میں پارلیمنٹ کے آنسو بہاتے مگرمچھوں کی عیاری بھانپتے ہوئے فوجی عدالتوں کے خلاف بھی اپنی رائے دی جو بہر حال ایک اختلافی فیصلہ تھا مگر بطور چیف جسٹس، جسٹس خواجہ کا مقابلہ صرف لینڈ مافیا سے نہیں بلکہ ان کی وکالت کرنے والے وکلاء مافیا سے بھی تھا۔یوں لگتا تھا کہ فیس دلائل کے لئے نہیں بلکہ جسٹس خواجہ کی مدت عہدہ ختم ہونے تک مقدمات کے التوا کے لئے لی گئی ہے یا پھر موکل کے قانونی دفاع کی بجائے عدلیہ پر ذاتی حملوں کے لئے ۔

غریب سائلین کی دسترس سے دور یہ وکلاءاپنی سیاسی و نظریاتی وابستگی کو بھی بھاری بھر کم فیسوں کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیتے۔ یہ بھی محض اتفاق نہیں کہ تاریخی وکلاءتحریک کے بڑے بڑے نام بھی ان بڑی ہاﺅسنگ اسکیموںکے مقدمات میں قانونی دلائل سے زیادہ تاریخوں کے حصول اور ججوں پر اعتراضات پر انحصار کرتے رہے۔ وکلاءتحریک کے دوران "ریاست ہو گی ماں کے جیسی"نعرے لگانے والے ان وکلاء نے شاید یہ سمجھ لیا تھا کہ "عدالت ہو گی دودھ دینے والی بھینس جیسی"۔ ایڈووکیٹ حامد خان کو "ایک طرف اس کا گھر" یعنی بنی گالہ اور " ایک طرف مے کدہ" یعنی جناب افتخار محمد چوہدری، جیسی صورتحال کا سامنا تھا۔ یہ ایڈووکیٹ حامد خان ہی تھے جنہوں نے 2010ء میں افتخار محمد چوہدری کے سامنے پیش ہو کر بحریہ ٹاﺅن کی نمائندگی کی۔ان کو دیکھ کر اس وقت کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے سیشن جج مظہر منہاس پر مشتمل عدالتی کمیشن کی اس رپورٹ کواٹھا کر ایک سائیڈ پر رکھ دیا تھا۔

اس رپورٹ میں نڈر اور بے باک سیشن جج مظہر منہاس جو اب ریٹائرمنٹ کی زندگی گزار رہے ہیں،نے ان ہاﺅسنگ اسکیموں کے پولیس اور محکمہ مال سے گٹھ جوڑ، ٹیکس چوری اور شہریوں پر تشدد اور مظالم کے ذریعے زمینوں پر قبضوں سے متعلق دل ہلا دینے والے انکشافات کیے اور پر زور سفارش کی تھی کہ ان ہاﺅسنگ اسکیموں کا فوراََ خصوصی آڈٹ کروایا جائے۔ جسٹس جواد ایس خواجہ بھی افتخار محمد چوہدری کے ساتھی جج ہوا کرتے تھے مگر خصوصی آڈٹ سے متعلق سیشن جج کی رائے کو اس وقت کوئی اہمیت نہ دی گئی اور پانچ سال بعد جسٹس جواد ایس خواجہ ڈی ایچ اے لاہور کے خصوصی آڈٹ کا ایسا ہی حکم دے کربری الذمہ ہو گئے ہیں۔ سال 2010ء میں افتخار محمد چوہدری نے سیشن جج مظہر منہاس کی رپورٹ یہ کہہ کر ایک طرف رکھ دی تھی کہ عدالت اس بات کا جائزہ لے گی کہ سیشن جج نے اپنے دائرہ کار سے تجاوز تو نہیں کیا۔

ایک انسان اور پوری انسانیت کی قیمت ہمارے معاشرے میں بظاہر اتنی ہی ہے جتنی ایک بڑے وکیل کی فیس۔جسٹس جواد ایس خواجہ کی عدالت میں معروف قانون دان ایڈووکیٹ ایس ایم ظفر کے فرزند علی ظفر بھی ایک ایسے ہی مقدمے میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت میں کی گئی اپنی ایک غلط بیانی پر ڈٹ جانے کا اعلان کیا جس پر عدالت نے دلائل سننے کے بعد ان کی وکالت کا لائسنس ایک سال کے لئے معطل کر دیا۔اس پر وکلاء تنظیمیں بپھر گئیں ۔قانون کے تحت بنائی گئی وکلاءکی سب سے بڑی تنظیم پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار نے ایک یونین کی مانند چیف جسٹس جواد ایس خواجہ کو الوداعی عشائیہ نہ دینے کا اعلان کیا۔یہ اور بات ہے کہ جسٹس جواد ایس خواجہ نے بہت پہلے ہی اس وقت سے ان دونوں تنظیموں کی تقاریب میں شرکت سے گریز کر رکھا تھا جب سے ان تنظیموں نے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو الوداعی عشائیہ دینے سے انکار کیا تھا۔سچی بات تو یہ ہے کہ جناب افتخار محمد چوہدری اور جسٹس جواد ایس خواجہ وکلاءکی ان تنظیموں کی ایسی تربیت کرنے کے خود بھی ذمہ دار ہیں۔افتخار محمد چوہدری نے بطور چیف جسٹس ریٹائرمنٹ سے چند دن پہلے سپریم کورٹ بار کی وکلاءکو ایک ایک کنال کے پلاٹ دلوانے کے لئے جسٹس جواد ایس خواجہ کے ہمراہ بڑے تندہی سے کیس کی سماعت کی تھی اور اس حوالے سے سی ڈی اے اور ہاﺅسنگ منسٹری کے حکام کو کئی بار طلب بھی کیا گیا تھا۔ان دونوں معزز جج صاحبان نے جو بویا ہے وہ کاٹا بھی ہے۔ وکیلوں کے لئے ایک ایک کنال کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ کون سے مفاد عامہ میں تھی ؟بہر حال وکلاءتنظیموں کا موجودہ رویہ جسٹس جواد ایس خواجہ کے ان فیصلوں کا بھی رد عمل ہے جن میں انہوں نے وکلاءکے خلاف شہریوں کی ساڑھے سات ہزار شکایات پر بار کونسل کی عدم کارروائی کا نوٹس لیا تھا۔ اسی تناظر میں ایک سابق اٹارنی جنرل عرفان قادر نے بھی جو "اتفاقاََ"ڈی ایچ اے کے وکیل تھے صدر مملکت کو ایک خط لکھا ہے جو جسٹس خواجہ کی ریٹائرمنٹ سے ایک دن قبل ارسال کیا گیا ۔ اس خط میں انہوں نے ٹھوس شواہد کی بجائے وکلاءتنظیموں کی قراردادوں اور الزامات کی بنیاد پر سپریم جوڈیشل کونسل میں صدارتی ریفرنس بھیجنے کا مطالبہ کیا ہے ۔بظاہر اس خط کا مقصد جسٹس جواد ایس خواجہ سے اس فیصلے کا حساب بھی چکانا ہے جس میں جسٹس خواجہ نے عرفان قادر کے خلاف بطور اٹارنی جنرل کارروائی کی تھی کہ انہوں نے بطور اٹارنی جنرل بینک آف پنجاب سے متعلق ایک کیس میں یہ ظاہر نہیں کیا تھا کہ وہ ماضی میں بینک آف پنجاب کے بھی وکیل رہے ہیں۔ان حالات میں جسٹس جواد ایس خواجہ کے خلاف مہم کے پیچھے سازشی عناصر و کاروباری اداروں کی شناخت مشکل نہیں۔ ان بڑے بڑے وکلاءنے اپنی بڑی بڑی فیسوں کی خاطر بڑی بڑی وکلاءتنظیموں کو لینڈ مافیا کے ہاتھوں گروی رکھ دیا ہے اور عدلیہ کو ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرنے سے بھی روک دیا ہے۔لگتا ہے کہ لینڈ مافیا کے بلڈوزر آئین و قانون کی دیواروں کو روندتے ہوئے قومی سلامتی اور دیگر سرکاری اداروں کے علاوہ اب وکلاءتنظیموں اور عدلیہ کی جانب رواں دواں ہیں۔سابق چیف جسٹس صاحبان افتخار محمد چوہدری اور جواد ایس خواجہ کی شخصیات میں خامیاں ضرور ہوں گی مگر انکی خوبیوں میں عوام میں جو شعور اور حوصلہ پیدا کیا ہے وہ کسی لینڈ مافیا کے بلڈوزر کے مقابلے کے لئے کافی ہونا چاہئیے ۔اگر عوام 1965ءکی جنگ میں اپنے سینوں پر بم باندھے بھارتی ٹینکوں کے نیچے لیٹ کر جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کر سکتے ہیں تو کیا ہمارے ادارے اور عوام لینڈ مافیا کے بلڈوزروں کو قوم کی نظریاتی سرحدیں روندنے کی اجازت دیں گے؟ یقینا یہ ایک سوال ہے ۔

----------------------------------

بہ شکریہ روزنامہ ’’نوائے وقت‘‘

العربیہ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں

کالم نگار کی رائے سے العربیہ ڈاٹ نیٹ کا متفق ہونا ضروری نہیں ہے

نقطہ نظر

مزید

قارئین کی پسند