.

دبئی میں جُوتوں کی دنیا کی سب سے بڑی دُکان کھل گئی

روز افزوں ترقی کرتے شہر کے ریکارڈز میں ایک اور اضافہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
دبئی شہر نت روز نئے نئے ریکارڈز کے لیے مشہور ہے۔ دنیا کی سب سے بلند و بالا عمارت سے لے کر سب سے بڑی کباب شاپ تک اسی شہر میں واقع ہیں۔ اب گذشتہ جمعہ کو اس کے ریکارڈز میں ایک اور کا اضافہ ہو گیا ہے اور وہاں جُوتوں کی دنیا کی سب سے بڑی دُکان کھل گئی ہے۔

نیوز ویب سائٹ بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق ''لیول شو ڈسٹرکٹ'' کے نام سے جوتوں کی یہ دکان دنیا کے سب سے بڑے شاپنگ کمپلیکس میں واقع ہے اور اس کا رقبہ چھیانوے ہزار مربع فٹ ہے۔

توقع ہے کہ اس شو اسٹور میں دنیا بھر سے ڈھائی سو برانڈز کے مختلف انداز کے جُوتوں کے پندرہ ہزار جوڑے فروخت کے لیے رکھے جائیں گے۔

جوتوں کے اس اسٹور کے مالک شلہوب گروپ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر پیٹرک شلہوب نے بتایا:''ہمارا آئیڈیا یہ تھا کہ جُوتوں کو پسند کرنے والے، ان کے گرویدہ اور دلدادہ مرد وخواتین کے لیے ایک ایسی لگژری جگہ بنائی جائے''۔

مسٹر شلہوب کا کہنا تھا کہ ''لگژری مارکیٹ بڑے احسن انداز سے ترقی پذیر ہے۔ لوگ لگژری اور معیاری اشیاء کو چاہتے ہیں''۔ انھوں نے بتایا کہ اسٹور میں لوئی ووئٹن کی 2013ء کے موسم بہار میں آنے والی کولیکشن کو بھی اس کے باضابطہ مارکیٹ میں سے آنے سے قبل ہمارے اسٹور میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا''۔

واضح رہے کہ ''لیول شو ڈسٹرکٹ'' نے نیویارک کے میکی شو اسٹور کی جگہ لی ہے۔ یہ شو اسٹور سن 2011ء میں نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں قائم کیا گیا تھا اور صرف ایک ہی سال کے بعد اس سے دنیا کی جوتوں کی سب سے بڑی دکان ہونے کا اعزاز چھن گیا ہے۔