.

یونیسکو کے زیر اہتمام عربی زُبان کا پہلا عالمی دن

ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی مذہبی زبان کی اہمیت کا اعتراف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے تعلیمی ،سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کے زیر اہتمام آج منگل کو دنیا میں عربی زبان کا پہلا عالمی دن منا جا رہا ہے۔

یہ دن مختلف ثقافتوں اور تہذیبوں میں معلومات کے فروغ میں عربی زبان کے کردار کے اعتراف میں منایا جا رہا ہے۔اس موقع پر پیرس میں قائم یونیسکو کی ڈائریکٹر جنرل آئرینا بوکوفا نے ادارے کی ویب سائٹ پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ ''18دسمبر 1973ء کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے عربی زبان کو اپنی سرکاری زبانوں میں شامل کیا تھا۔اس کے چالیس سال کے بعد میں ہم عربی زبان کی طاقت کے اعتراف میں عالمی دن منا رہے ہیں۔یہ زبان ہمیں امن اور پائیدار ترقی کے لیے مشترکہ اقدار کے گرد لائی، اس نے ہمارے آئیڈیاز کو توانائی بخشی اور ہماری خواہشات کو گہرائی عطا کی ہے''۔

انھوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ''ہر سال اٹھارہ دسمبر کو عربی زبان کا عالمی دن منانے کا مقصد مختلف زبانیں بولنے والے لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانا ہے، ان کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی پیدا کرنا اور مختلف تہذیبوں کے درمیان ڈائیلاگ کو فروغ دینا ہے''۔

یونیسکو کے مطابق آج عرب دنیا میں بیالیس کروڑ بیس لاکھ سے زیادہ کی مادری زبان عربی ہے اور دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمان عربی زبان کو کسی نہ کسی شکل میں استعمال کرتے ہیں۔وہ روزانہ پنج وقتہ نمازعربی الفاظ میں ادا کرتے اور اللہ کی آخری الہامی کتاب قرآن مجید کی عربی زبان میں تلاوت کرتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات میں عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر ایک نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس میں عربی زبان کی تاریخ ،ادب اور ثقافت سے متعلق کتب پیش کی جا رہی ہیں اور اس کے فروغ کی غرض سے پبلشرز کے لیے تربیتی پروگراموں کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

سابق سوویت ریاست اور آزاد ملک آرمینیا میں طلبہ ،پروفیسروں اور صحافیوں نے عربی زبان کے عالمی دن کے موقع پر رنگارنگ پروگراموں کا انعقاد کیا اور ایک تقریب میں عربی ڈانس ،موسیقی اور تھیٹر پرفارمنس کا مظاہرہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ تین اکتوبر کو پیرس میں یونیسکو کے ایک سو نوّے ارکان پر مشتمل ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں سعودی عرب اور مراکش نے عربی زبان کا عالمی دن منانے کی تحریک پیش کی تھی اور اس کو منظور کر لیا گیا تھا۔اب ہرسال اٹھارہ دسمبر کو یونیسکو کے زیر اہتمام عربی زبان کا عالمی دن منایا جائے گا۔