.

روس: جانوروں کے لیے دنیا کی پہلی کرونا ویکسین کا اندراج

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

روس دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے جانوروں کے لیے کرونا ویکسین کا اندراج کیا ہے۔ یہ بات روس میں زرعی سلامتی کے نگراں ادارے Rosselkhoznadzor کے نائب سربراہ قسطنطین سیونکوف نے آج بدھ کے روز بتائی۔

سیونکوف کے مطابق یہ ویکسین مذکورہ نگراں دارے کے زیر انتظام 'شعبہِ حفظانِ صحتِ حیوان' میں تیار کی گئی ہے۔ ویکسین کا اندراج Carnivac-Cov کے نام سے کیا گیا ہے۔

سیونکوف نے بتایا کہ جانوروں کے لیے اس ویکسین کے کلینیکل ٹیسٹ کا آغاز گذشتہ برس اکتوبر میں ہوا تھا۔ اس جانچ میں کتے، بلیاں، سفید برفانی لومڑیاں، عام لومڑیاں اور دیگر جانور شامل کیے گئے تھے۔ تحقیق کے نتائج میں یہ بات سامنے آئی کہ ویکسین محفوظ اور اعلی درجے تک مؤثر ہے۔

روسی ماہر کے مطابق آئندہ ماہ اپریل میں اس ویکسین کی تجارتی بنیادوں پر تیاری کا آغاز ہو سکتا ہے۔

عالمی ادارہ برائے حیوانی صحت کے مطابق متعدد جانوروں کو کرونا وائرس کا سامنا ہے اور کئی ملکوں میں اس نوعیت کے کیسوں کا اندراج بھی ہوا ہے۔