.

سیناء کے صحرا میں خواتین ڈاکٹروں کی تصاویر نے ورطہ حیرت میں ڈال دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر میں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے مقامی خواتین ڈاکٹروں کی تصاویر زیر گردش لائی گئی ہیں۔ یہ خواتین ڈاکٹر اپنی انسانی اور پیشہ وارانہ ذمے داریوں کی انجام دہی کے لیے سیناء کے صحراء میں پیدل چلتی پھرتی نظر آ رہی ہیں۔

یہ خواتین ڈاکٹر سیناء کے شمال میں بئر العبد شہر کی صحت انتظامیہ کے تحت پولیو ویکسین کی ٹیم میں شامل ہیں۔ تصاویر میں ان خواتین ڈاکٹروں کو پیدل سیکڑوں میلوں کا فاصلہ طے کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے کیوں کہ اس علاقے میں گاڑیوں کی نقل و حرکت دشوار ہے۔ اس دوران العسیلہ کے علاقے میں واقع گھروں کے اندر رہنے والے بچوں کو ویکسین دی گئی۔ ویکسی نیشن کا یہ عمل پولیو کے خلاف قومی ویکسین مہم کا حصہ ہے۔

صحرائی علاقے میں انتہائی نا مساعد حالات اور ریت کی آندھیوں کے بیچ ان خواتین نے بھرپور عزم و حوصلے کے ساتھ اپنا کام جاری رکھا۔

بچوں کے لیے پولیو ویکسی نیشن مہم مصری وزارت صحت کی جانب سے چند روز قبل شروع کی گئی تھی۔ مہم کا اختتام آج بدھ کے روز ہو رہا ہے۔ مہم کے دوران ایک دن سے لے کر پانچ برس تک کے بچوں کو ویکسین دی جا رہی ہے۔ وزارت صحت مصری سرزمین پر موجود 1.67 کروڑ مصری اور غیر مصری بچوں کو پولیو کی ویکسین فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔