.

فلپائنی صدر کی ویکسین نہ لگوانے والوں کوجیل یا ملک بدر کرنے کی دھمکی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

فلپائن کے صدر روڈریگو دوتیرتے نے کرونا ویکسین نہ لگوانے والے شہریوں کو سنگین نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ویکسین نہ لگوانے والے جیل جانے یا ملک بدری کے لیے تیار رہیں۔

خیال رہے کہ فلپائن کرونا وبا کا بدترین شکار ہونےوالے ایشیائی ممالک میں شامل ہے جہاں متاثرین کی تعداد 13 لاکھ اور اموات 23 ہزار سے تجاوز کرچکی ہیں۔

صدر دو تیرتے جو اپنے غصیلے اور زور دار بیانات کی وجہ سے مشہور ہیں نے سوموار کی شب ٹی وی پرنشر ایک بیان میں کہا کہ کرونا ویکسین نہ لگوانے والے لوگ ہی اصل میں وبا پھیلانے کا سبب بنتے ہیں۔ ایسے لوگوں کو یا تو ملک چھوڑ دینا چاہیے ورنہ ان کا ٹھکانہ جیل ہوگی۔

دارالحکومت منیلا میں ویکسینیشن مراکز پرشہریوں کی معمولی تعداد کی آمد پر بات کرتے ہوئے صدر دو تیرتے نے کہا کہ ویکسین نہ لگوانے والے جیل جانے کے لیے تیار ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلپائنی عوام کو ویکسین اور جیل یا ملک بدری میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر آپ ویکسن سے انکار کرتے ہیں تو فلپائن چھوڑ دیں۔وہ صوبوں کے گورنروں کو حکم دیں گے کہ وہ ویکسین کا انکار کرنےوالوں کی فہرست تیار کریں تاکہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاسکے۔

دوسری طرف فلپائنی محکمہ صحت کے حکام کا موقف صدر دوتیرتے کے موقف سے مختلف ہے۔ صحت سے متعلق حکام کا کہنا ہے کہ کرونا ویکسین لگوانے کے لیے کوئی زبردستی نہیں کی جا رہی ہے بلکہ یہ ایک رضاکارانہ مہم ہے جس میں حصہ لینے کے لیے شہریوں کو ترغیب دی جا رہی ہے۔