.

سعودی وزیر خارجہ چھ جنوری کو پاکستان آئیں گے: دفتر خارجہ

دو روزہ دورے کو سفارتی حلقے بہت زیادہ اہمیت دے رہے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے وزیر خارجہ سعود الفیصل دو روزہ اہم دورے پر چھ جنوری کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔ اس امر کا اعلان اسلام آباد میں دفتر خارجہ کی خاتون ترجمان تسنیم اسلم نے کیا ہے۔ شنید ہے کہ سعودی وزیرخارجہ سعود الفیصل وزیر اعظم نواز شریف کو سعودی قیادت کا اہم پیغام پہنچائیں گے۔

سعود الفیصل اپنے قیام کے دوران وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور مشیر امور خارجہ سرتاج عزیز سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔ سعودی وزیر خارجہ پاکستانی قیادت کے ساتھ دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے، افغانستان سمیت مشرق وسطی کی صورتحال پر بات چیت کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال جون میں موجودہ حکومت کے برسرِ اقتدار آنے کے بعد سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان یہ پہلا اعلٰی سطحی رابطہ ہو گا۔

الفیصل کے دورے کو سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں جمعرات کے روز ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے بھی دیکھا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق سعودی وزیر خارجہ کی پاکستان میں اعلی سطحی ملاقاتوں میں سابق صدر کا معاملہ بھی اٹھایا جا سکتا ہے۔ تاہم وزارت خارجہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ سعود الفیصل کو پاکستان دورے کی دعوت میاں محمد نواز شریف نے گذشتہ برس نیویارک میں اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر دی تھی۔