.

برطانیہ کا نابینا ڈرائیور کار ریس میں شرکت کے لیے پرعزم

مائیکل پہلے بھی کار اور موٹر سائیکل ڈرائیونگ کر چکا ہے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

گاڑی ڈرائیونگ جیسا نہایت حساس اور پر خطر کام صرف صاحب بصارت لوگ ہی انجام دے سکتے ہیں لیکن برطانیہ کے ایک نابینا شخص نہ صرف گاڑی چلانے کی غیر معمولی صلاحیت رکھتے ہیں بلکہ وہ رواں سال اگست میں ہونے والے 'کار ریس' کے ایک عالمی مقابلے میں 320 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کار چلانے کی تیاری کر رہا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق دُنیا کے اس منفرد [نابینا] ڈرائیور مائیکل نیومین کا تعلق برطانیہ سے ہے۔ اخبار "ڈیلی میل" کی رپورٹ کے مطابق بینائی سے محروم یہ ڈرائیور نظروں کو خیرہ کرنے والے ایک عالمی مقابلے کی تیاری میں مصروف ہے، جس کا انعقاد رواں سال اگست میں کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق 52 سالہ مائیکل نےاپنے ملک ہی میں اپنے ایک استاد کی زیرنگرانی ریڈیائی لہروں کی مدد سے گاڑی چلانے کا طریقہ سیکھا ہے۔ اس کے استاد نے نہ صرف اسےایک مکمل ڈرائیور بنا دیا ہے بلکہ اب وہ کار ریس کے ایک بین الاقوامی مقابلے میں بھی شرکت کرے گا۔

اس ریس میں جاپانی ساختہ "نیسان" کار چلا کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کرے گا۔ مائیکل تربیت کے مسلسل عمل سے گذر رہا ہے۔ اس کا انسٹرکٹر اسے لمحہ بہ لمحہ عالمی مقابلے میں حصہ لینے کا اہل بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ اگر نابینا شخص کار ریس دوڑ میں شامل ہو جاتا ہے تو یہ ہوائی جہاز اڑانے، بحری جہاز، گاڑی اور موٹر سائیکل چلانے کی دنیا میں ایک معجزہ ہو گا کیونکہ آج تک کوئی نابینا اس نوعیت کا کوئی کارنامہ انجام نہیں دے سکا ہے۔

شمالی لندن کے شہر مانچسٹر کے رہائشی دو بچوں کے باپ مائیکل کا کہنا ہے"میں پیدائشی نابینا ہوں۔ میری یہ معذری میرے بہت سے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرنے میں رکاوٹ رہی ہے، لیکن میں نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اپنے نابینا پن کو اپنے شوق اور خواہشات کی تکمیل میں رکاوٹ نہیں بننے دوں گا۔ میں کار ریس کے ایک عالمی مقابلے میں شامل ہو رہا ہوں۔ یہ میری زندگی کا ایک نیا موڑ ثابت ہوگا اور میں ایک نئی زندگی شروع کروں گا۔ اگر میں دیکھ سکتا تو میں زیادہ خوش ہوتا مگرایسا نہیں البتہ میں وہ کام کردکھاؤں گا جوآنکھیں رکھنے والے کرنے سے رہ جاتے ہیں۔

یاد رہے کہ مائیکل نیومین پہلی مرتبہ گاڑی چلانے کا تجربہ نہیں کر رہا ہے بلکہ گذشتہ برس ستمبر میں اس نے "پورش جی ٹی ٹو" کار 297 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلا کر لوگوں کو حیران کر دیا تھا۔ وہ نہ صرف کار چلا سکتا ہے بلکہ اس سے قبل 142 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے موٹرسائیکل اور 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے سمندر میں کشتی بھی چلا چکا ہے۔