.

نیتن یاہو نے اینجیلا مرکل کے چہرے پر ہٹلری مونچھیں بنا دیں

صہیونی وزیراعظم کا نازی جرمنی کے سابق مرد آہن ہٹلر سے غیر ارادی اظہار نفرت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

انتہا پسند اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو نازی جرمنی کے سابق مردآہن ایڈولف ہٹلر سے کتنی نفرت کرتے ہیں،اس کا اندازہ اس بات سے کیا جاسکتا ہے کہ وہ جرمن چانسلر اینجیلا مرکل کے تصویری چہرے پر ہٹلر ایسی مونچھیں بناتے ہوئے پائے گئے ہیں اور یہ مصوری کرتے ہوئے خود ان کی تصویر بنا لی گئی ہے۔

یہ تصویر یروشیلم پوسٹ کے فوٹو گرافر مارچ اسرائیل سیلم نے مقبوضہ بیت المقدس میں منگل کو بنائی ہے۔اس کے منظرعام پر آنے کے بعد سے سوشل میڈیا اور خاص طور پر ٹویٹر پر طنزیہ اور مزاحیہ تبصرے شروع ہوگئے ہیں۔

ایک لکھاری نے لکھا:''ہٹلر کی واپسی ہوگئی،مگر کیسے؟اس مرتبہ خود یہودیوں کے اپنے ہی ہاتھ سے''۔ایک اور نے لکھا:''بیبی (بنجمن نیتن یاہو) ہٹلر کا بہروپ تراشنے میں کامیاب رہے ہیں اور کچھ نہیں مونچھیں ہی سہی''۔

واضح رہے کہ جرمنی اس وقت دوسری عالمگیر جنگ کے دوران نازیوں کے یہودیوں پر مبینہ اور تاریخی طور پر خود تراشیدہ مظالم کے کفارے کے طور پر یورپی ممالک میں سب سے زیادہ اسرائیل کی حمایت کررہا ہے جبکہ نیتن یاہو کی حکومت فلسطینیوں کے ساتھ امن مذاکرات میں رخنہ اندازیوں اور غرب اردن کے مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کے لیے تعمیرات جاری رکھنے کی وجہ سے دوسرے یورپی ممالک کی حمایت سے محروم ہوتی جارہی ہے۔