.

اوباما صاحب اپنا منہ بند رکھیں:مصری خاتون کا نیا گانا

''سیسی ،سیسی ہاں ہاں،مرسی مرسی ناں ناں'' بول پر مبنی نئی ویڈیو سامنے آگئی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی صدر براک اوباما کو مصر کے داخلی امور میں مداخلت نہ کرنے کا کہنے والی مصری خاتون کی ویڈیو کو اب گانے کی شکل دے دی گئی ہے اور خاتون کا یہ گانا اب نئے روپ میں سامنے آگیا ہے۔

اس گانے کے بول کچھ یوں ہیں:''اوباما سنو! ہم مصری خواتین ہیں۔اپنا منہ بند رکھو اوباما۔سیسی ،سیسی ہاں ہاں ،مرسی ناں، مرسی ناں''۔مصری خاتون آن کیمرا اس ویڈیو میں کہہ رہی ہے۔

اس خاتون نے آن کیمرا بہ انداز دیگر مصر کی مسلح افواج کے سربراہ فیلڈ مارشل عبدالفتاح السیسی کی مدح سرائی کی کوشش کی ہے اور ان کے ہاتھوں برطرف ہونے والے مصر کی تاریخ کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی مخالفت کی ہے اور ایک طرح سے ان کی برطرفی کو درست قراردیا ہے۔

عبدالفتاح السیسی نے ایسے ہی مداحوں کے مظاہروں کے بعد جولائِی 2013ءمیں ڈاکٹر مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا اور اس کے بعد وہ خود کو مصر اور اس کے عوام کے نجات دہندہ کے طور پر پیش کررہے ہیں۔اب وہ آیندہ صدارتی انتخابات میں امیدوار ہونے کا اعلان کرنے والے ہیں بلکہ وہ مصر کے صدر ہوا ہی چاہتے ہیں اور اس ضمن میں صرف ضروری کارروائی پوری کی جارہی ہے۔

مصری خاتون نے امریکی صدر براک اوباما کی مخالفت شاید اس بنا پر کی ہے کہ انھوں نے منتخب جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کے اقدام کی حمایت نہیں کی تھی اور امریکا نے فوجی انقلاب کے بعد مصر کو سالانہ دی جانے والی ڈیڑھ ارب ڈالرز کی امداد بھی روک لی تھی۔

امریکا کیمپ ڈیوڈ معاہدے کے تحت اسرائیل کو تسلیم کرنے پر مصر کو یہ سالانہ امداد نقد رقوم اور فوجی سازوسامان کی صورت میں دیتا چلا آرہا ہے لیکن اس مالی سال کے دوران مصر کو ابھی تک یہ امدادی رقم نہیں دی گئی ہے اور دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات میں سرد مہری پائی جارہی ہے۔