.

سری لنکا بھارت کو ہرا کر ٹی 20 کرکٹ عالمی کپ کا فاتح

سری لنکن ٹیم نے بھارت کا 131 رنز کا ہدف اٹھارھویں اوور میں پورا کرلیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سری لنکا کی کرکٹ ٹیم نے بھارت کو چھے وکٹ سے شکست دے کر ٹونٹی 20 عالمی کپ کرکٹ ٹورنا منٹ جیت لیا ہے۔

بنگلہ دیش کے شہر میر پور کے شیر بنگلہ اسٹیڈیم میں اتوار کو کھیلے گئے ٹونٹی ٹونٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنا منٹ کے فائنل میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بھارت کو بلے بازی کی دعوت دی۔بارش کی وجہ سے دن اور رات کا یہ میچ چالیس منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا تھا۔

بھارت نے مقررہ بیس اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر ایک سو تیس رنز بنائے تھے۔سری لنکا کے باؤلروں نے نپی تلی بالنگ کرائی اور بھارتی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔بھارت کی جانب سے ویرات کوہلی نے سب سے زیادہ رنز بنائے۔انھوں نے 58 گیندوں کا سامنا کیا اور 77 رنز بنائے۔یہ ان کی ٹونٹی 20 میچوں میں آٹھویں اور اس ٹورنا منٹ میں چوتھی نصف سنچری تھی۔

بارش کی وجہ سے پچ باؤلروں کے لیے مددگار ہوگئی تھی لیکن اس کے باوجود کوہلی نے اعتماد سے سری لنکن بالروں کا سامنا کیا۔انھوں نے پانچ چوکے اور چار چھکے لگائے مگر آخری اوور کی آخری گیند پر رن آؤٹ ہوگئے۔

وہ اوپنر اجنکیا راہین کے آؤٹ ہونے کے بعد کھیلنے کے لیے آئے تھے۔اجنکیا سری لنکن باؤلر اینجلو میتھیو کے دوسرے ہی اوور میں بولڈ ہوکرپویلین کو لوٹ گئے تھے۔کوہلی نے تیز رفتاری سے رنز بنائے لیکن ان کے علاوہ دوسرے بلے باز سری لنکن باؤلروں کے سامنے اپنے جوہر دکھانے میں کامیاب نہیں ہوسکے۔

کوہلی نے روہیت شرما کے ساتھ دوسری وکٹ کی شراکت میں ساٹھ رنز بنائے۔شرما 29 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ان کے بعد یووراج سنگھ کھیلنے کے لیے لیکن انھوں نے سست روی کا مظاہرہ کیا اور اکیس گیندوں پر صرف گیارہ رنز بنا کر کلاسکارا کی گیند پریرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ کپتان ایم ایس دھونی سات گیندوں پر چار رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

بھارت کے 131 رنز کے ہدف کے جواب میں سری لنکا کی بلے بازی کا آغاز بھی اچھا نہیں تھا اور اس کے اوپنر بلے باز پریرا صرف پانچ رنز بنا کر امیت شرما کی گیند پر جدیجا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔سری لنکا کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تلکا رتنے دلشان تھے۔وہ 18 رنز بنا کر روی چندرن آشون کی گیند پر کوہلی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔تجربے کار بلے باز جے وردھنے نے 24 رنز بنائے رائِنا کی گیند پر آشون نے ان کا کیچ پکڑا۔

سری لنکا کی جانب سے سابق کپتان کمارسنگاکارا نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور سب سے زیادہ باون رنزبنائے۔انھوں نے صرف 35 گیندوًں کا سامنا کیا اور ناٹ آؤٹ رہے۔انھوں نے چھے چوکے اور ایک چھکا لگایا۔سری لنکا کے چوتھے آؤٹ ہونے والے بلے باز تھیری مین تھے جو امیت مشرا کی گیند پر وکٹ کپیر کپتان ایم ایس دھونی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

سنگاکارا کے علاوہ تھیاسیرا پریرا نے بھی جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 14 گیندوں پر 21 رنز اسکور کیے۔ان دونوں بلے بازوں کے شاندار جارحانہ کھیل کی بدولت سری لنکا کی ٹیم نے 5۔17 اوورز میں چار وکٹ کے نقصان پر ہدف پورا کر لیا اور ٹونٹی 20 عالمی کپ کی فاتح ٹھہری۔

سری لنکا کے کمار سنگا کارا کا میچ کا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا ہے اور بھارت کے ویرات کوہلی شاندار بلے بازی پر ٹورنا منٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ہیں۔ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگارکارا نے مختصر (20،20) اوورز کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔البتہ وہ پچاس اوورز کے ایک روزہ بین الاقوامی میچ اور ٹیسٹ کرکٹ کھیلتے رہیں گے۔