.

"میری شب عروسی اندھیر ہونے سے بچائیں"

شادی کی رات سعودی دولہا کی محکمہ شہری دفاع کو کال

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں ایک بے چین دولہا نے اپنی شب عروسی کے موقع پر بجلی منقطع ہونے پر شہری دفاع کے محکمے کی دوڑیں لگوا دیں۔

دارلحکومت ریاض کے محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمد الحامدی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ انہیں ہفتے کی شب ایک سعودی شہری کی کال موصول ہوئی۔ انتہائی پریشان حالت میں نوجوان شہری نے شہری دفاع کی ہیلپ لائن کو بتایا کہ آج اس کی شادی ہے لیکن شہر میں ریت کے طوفان کی وجہ سے ان کے علاقے کی بجلی بند ہو گئی ہے، اس صورتحال میں اس کی شادی کی تقریب غارت ہونے کا اندیشہ ہے۔ شہری نے درخواست کی کہ اس کی زندگی کے یادگار دن کی خوشیاں یقینی بنانے میں محکمہ اس کی مدد کرے اور فوری بجلی بحالی کا انتظام کیا جائے۔

ہیلپ لائن کی کال سننے کے فوری بعد محکمہ شہری دفاع حرکت میں آیا اور انہوں نے اپنے سینڈ بائی جنریٹرز شہر کے اس علاقے میں پہنچا دیئے جہاں شادی کی تقریب جاری تھی اور لمحوں میں ہی معطل بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی۔ جنریٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقے کو تین گھنٹے تک بجلی فراہم کی جاتی رہی، جس سے پورا علاقہ بقعہ نور بنا رہا۔

یاد رہے ہفتے کی رات سعودی دارلحکومت کے متعدد علاقے ریت کے شدید طوفان کی زد میں رہے جس کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل اور معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے۔