امریکی اداکارہ "بیونسے" اوباما، پوتین سے زیادہ با اثر شخصیت!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

مشاہیر عالم میں امریکی صدر باراک اوباما اور ان کے روسی ہم منصب ولادی میر پوتین کے نام اور ان کی طاقت، اثر و رسوخ سے ہر کوئی آگاہ ہے لیکن امریکا کی ایک کم عمر ادکارہ نے مقبولیت میں ان دونوں عالمی شخصیات کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مشاہیر کی فہرست میں پہلے نمبر پر آنے والی یہ اداکارہ ریاست ٹیکساس کی بیونسے جیزیل کارٹر ہے جسے امریکی جریدے ٹائمز نے دنیا کی 100 با اثر اور مقبول شخصیات میں صدر باراک اوباما اور روسی صدر پوتین سے زیادہ بااثر شخصیت قرار دیا ہے۔

جریدے نے اپنی ایک حالیہ اشاعت میں ایک سو مشہور اور با اثر شخصیات کی فہرست شائع کی ہے جن میں اوباما، ولادی میر پوتین اور ہیلری کلنٹن کے نام بھی شامل ہیں مگر سرورق پر جگہ صرف "بیونسے" کو دی گئی اور اسے قومی اور عالمی شخصیات کے ہم پلہ قرار دیا گیا۔

ٹائمز میگزین کی رپورٹ کے مطابق امریکا کی با اثر شخصیات میں فنکار روبرٹ ریڈ فورڈ، جنرل موٹرز کمپنی کے چیئرمین مارے بارا اور کئی دوسری شخصیات بھی شامل ہیں۔

"فیس بک" کی ڈائریکٹر آپریشنز چیرلی سانڈبرگ نے بیونسے کے صفحے پر تبصرہ کرتے ہوئے اسے "رہ نما" کا لقب دیا ہے۔ چیرلی مزید لکھتی ہیں کہ "بیونسے ہماری طرح میز پر بیٹھنے والی نہیں اس کا ایک سیکنڈ بھی ہم سے بہتر ہے"۔ امریکی اداکارہ کو یہ خراج تحسین اس کی اہمیت اور با اثر ہونے کے ناطے پیش کیا گیا ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے مطابق چیرلی سانڈ برگ اور بیونسے ایک مہم میں پیش پیش رہی ہیں جس کا مقصد خواتین کے "حاکمانہ" تصور کو ختم کرنا تھا۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ امریکی جریدے ٹائمز نے بیونسے کو امریکی سنگر فارئل ویلیمز، سابق وزیر خارجہ ہیلری کلنٹن اور معروف کاروباری شخصیت جیف بیزوس جیسی "دبنگ" شخصیات کی فہرست میں شامل کیا ہے جو اپنی "حاکمانہ" سوچ مسلط کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ جریدہ "ٹائمز" ہر سال دنیا کی 100 مشہور شخصیات کی ایک فہرست جاری کرتا ہے۔ اس فہرست میں عہدے اور منصب کے اعتبار سے طاقتور شخصیات، فنکار اور دیگر شعبوں میں مشاہیر عالم کا تعارف کرایا جاتا ہے۔

گلو کارہ بیونسے کی فنکارانہ صلاحیتیں ایک عرصے تک پردہ راز میں رہیں۔ گذشتہ برس اس نے 14 آڈیو اور 17 "سُپر ہِٹ" ویڈیو گانوں کا ایک البم ریلیز کر کے امریکا اور باہر کی دنیا میں تہلکہ مچا دیا تھا۔

معروف امریکی فلم پروڈیوسر باز لورھمین کا کہنا ہے کہ "بیونسے کا البم کب تیار ہوا، اس نے یہ گانے کب ریکارڈ کرائے اور یہ سب کچھ کیسے ہوا یہ بات ہمارے لیے حیران کن ہے۔"

سنہ 1981ء میں امریکی ریاست ٹیکساس میں پیدا ہونے والی اداکارہ بیونسے نے مختلف فلموں میں کام کیا ہے مگر اس کے جس البم نے شہرت دوام دی وہ گذشتہ برس سامنے آیا اور اسی البم نے آج اسے امریکی صدر سے بھی زیادہ با اثر شخصیت کے مقام تک پہنچایا ہے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں