.

اونٹ سوار پیٹ کی آگ بجھانے فاسٹ فوڈ چین میں داخل

واقعے کی ویڈیو سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تیزی سے مقبول

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یقینا وہ لمحہ بڑا کٹھن ہوتا ہے کہ جب انسان سفر پر نکلے اور راستے میں بھوک ستانے لگے۔ کچھ ایسی ہی دلچپسپ صورتحال گذشتہ روز خلیجی ریاست قطر میں دیکھنے کو ملی کہ جب اونٹ پر سوار ایک مقامی عرب شہری پیٹ کی آگ بجھانے شہر میں واقع ایک بین الاقوامی فاسٹ فوڈ چین کے 'ڈرائیور تھرو' میں داخل ہوا۔

متحدہ عرب امارات سے شائع ہونے والے کثیر الاشاعت اخبار 'گلف نیوز' کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو فوٹیج معروف سماجی ویڈیو ویب سائٹ "یو ٹیوب" پر تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں اونٹ پر سوار ایک نامعلوم عرب شہری "برگر کنگ" فاسٹ فوڈ کی چین کے ڈرائیور تھرو سے گذر کر 'ٹیک اوے کاونٹر' پر چیز برگر کا آرڈر دیتا ہے۔ آڈر تیار ہونے پر اس کا اونٹ گھٹنوں کے بل نیچے جھکتا ہے تاکہ اس کا مہاوک اپنا چیز برگر حاصل کر سکے اور رقم ادا کر سکے۔ برگر خریدنے کے بعد مہاوک اونٹ کو ہانکتا ہوا فاسٹ فوڈ چین سے متصل بازار کی سمت لے جاتا ہے تاکہ اپنی شاپنگ لسٹ مکمل کر سکے

اس سارے منظر کو ڈرائیور تھرو میں اونٹ کے پیچھے کار میں اپنی باری کا انتظار کرنے والے ایک نامعلوم شخص نے اپنے موبائل کیمرے میں محفوظ کر لیا، جسے بعد ازاں 'یو ٹیوب' پر اپ لوڈ کر دیا گیا، جہاں منفرد منظر پر مبنی ویڈیو تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔ اس ویڈیو کی صحت کے بارے میں کچھ تیقن سے نہیں کہا جا سکتا، تاہم بعض حلقے اسے فاسٹ فوڈ چین کی جانب سے کمپنی کی مشہوری قرار دے رہے ہیں۔