.

خواتین کے احترام میں یو اے ای کا دنیا بھر میں پہلا نمبر

معاشرتی ترقی کے عالمی اشاریے میں انکشاف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات کا خواتین کے احترام کے حوالے دنیا میں پہلا نمبر ہے۔ حالیہ اعزاز خلیجی ریاست کو حاصل ہونے والے 'نمبر ون اعزازات' کی فہرست میں نیا اضافہ ہے، جس پر عوام اور حکومت بجا طور پر فخر کر سکتی ہے۔

اس امر کا انکشاف 132 ممالک میں ترقی اور فلاح و بہبود کے ایک سائنسی تقابلی مطالعے میں کیا گیا ہے۔ یہ رپورٹ ورلڈ اکنامک فورم کی عالمی ایجنڈا کونسل کے زیر اہتمام امریکا کی معروف درسگاہ ہاورڈ بزنس سکول کے پروفیسر مائیکل پورٹر کی نگرانی میں بین الاقوامی ماہرین اقتصادیات نے تیار کی۔

یو اے ای کے نائب صدر، وزیر اعظم اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا ہے کہ خواتین احترام کے بارے میں دی جانے والی گواہی سے دراصل اماراتی ثقافت اور روایات کے بارے میں بنیادی سچائی سامنے آئی ہے۔

"ہم خواتین کا بہت زیادہ احترام کرتے ہیں۔ اپنی قوم کی تشکیل کے حوالے سے ہم خواتین کے عزم اور قربانیوں کا احترام کرتے ہیں۔ اماراتی معاشرہ خواتین کو اپنی صلاحیتوں کے بھرپور اظہار کے لیے مددگار ماحول فراہم کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ بعض شعبوں میں خواتین مردوں سے آگے نظر آتی ہیں۔

معاشرتی ترقی کے عالمی اشاریے کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سب سے کم پرتشدد جرائم اور انسانی قتل ہوتے ہیں۔ نیز یہاں پر سکینڈری سکول لیول میں داخلے کی شرح دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہے۔