.

فرانسیسی سیاح کا رچرڈ گیر پر ترس، پیزے کا ٹکڑا پیش کر دیا

واقعہ فلمی شوٹنگ کے حقیقی گمان کی وجہ سے پیش آیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مثل مشہور ہے کہ "لاعلمی بھی ایک نعمت ہے"۔ ایک نامعلوم فرانسیسی سیاح کے لیے بھی لاعلمی میں اس سے سر زد ہونے والا واقعہ اس کے لیے نعمت ثابت ہوا کیونکہ اس کے بعد سے وہ بھی معروف امریکی اداکار رچرڈ گیر کے ساتھ عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی"اے ایف پی" کے مطابق امریکا کے دورے کے دوران حال ہی میں ایک فرانسیسی خاتون سیاح نے معروف اداکار رچرڈ گیر کو غریب سمجھ کر اپنے پاس سے پیزے کا ایک ٹکڑا پیش کیا۔ اسے معلوم نہیں تھا کہ یہ معروف امریکی اداکار ہے جو کوڑے کرکٹ کے ڈھیر پر فلم کے کسی منظر کی عکس بندی کرا رہا ہے۔

اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق یہ واقعہ حال ہی میں اس وقت پیش آیا جب ایک 42 سالہ فرانسیسی سیاح کارین فالنی گومبو اپنے شوہر اور 15سالہ بیٹے کےہمراہ مین ہٹن کے گرانڈ سنٹرل اسٹیشن کے قریب واقع ایک بیکری سے پیزا لے کر باہر نکلی۔ اس کی نظر کچھ فاصلے پر ایک شخص پر پڑی جو کوڑے کے ڈھیر پر کچھ ڈھونڈ رہا تھا۔ وہ تیزی کے ساتھ اس کی طرف بڑھی قریب جا کر اسے غریب سمجھتے ہوئے پیزے کا ایک ٹکڑا اسے کھانے کو دیا۔

چونسٹھ سالہ رچرڈ گیر نے خاتون کا شکریہ ادا کیا۔ رچرڈ گیر نے اس وقت فرانسیسی سیاح پر یہ ظاہر نہیں ہونے دیا کہ وہ معروف امریکی اداکار ہے اور فلم "ٹائم آؤٹ آف مائینڈ" نامی فلم کی عکس بندی کر رہا ہے۔ خاتون کو دو دن بعد اس وقت پتہ چلا جب اخبار "نیویارک پوسٹ" نے سارے واقعے کی تصاویر شائع کر دیں۔