جارج کلونی کی مستقبل میں ہونے والی ساس سے ملیے!

باریا علم الدین شہید بے نظیر بھٹو سمیت اہم عالمی لیڈروں کے انٹرویوز کرچکی ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
4 منٹس read

ہالی وڈ کے معروف کنوارے اداکار جارج کلونی کی لبنانی نژاد برطانوی وکیل امل علم الدین کے ساتھ منگنی کے بعد اب ان کے خاندانی پس منظر کے حوالے سے نئی نئی اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔کلونی کی منگیتر امل کسی غیرمعروف خاندان سے تعلق نہیں رکھتی ہیں بلکہ ان کی ہونے والی ساس باریا علم الدین برطانیہ کی معروف صحافیہ ہیں۔

پُراعتماد اور ملنسار باریا مکناس علم الدین دنیا بھر کی معروف شخصیات اور سرکردہ لیڈروں کے انٹرویوز کر چکی ہیں۔ان کے شاہی خاندانوں سے لے کر پاکستان سے برسلز تک لیڈروں سے ذاتی روابط ہیں لیکن وہ اس مقام تک پہنچنے کے لیے بڑے کٹھن حالات سے گزری ہیں۔ وہ لبنان کے دوسرے بڑے شہر طرابلس میں پلی بڑھیں تھیں۔پھر وہ اعلیٰ تعلیم کے لیے دارالحکومت بیروت چلی گئیں جہاں انھوں نے صحافت میں ڈگری حاصل کی۔

انھوں نے لبنان کے نیشنل ٹی وی سے اپنے صحافتی کیرئیر کا آغاز کیا تھا اور پھر وہ اپنے خاوند رمزی علم الدین کے ساتھ خانہ جنگی کا شکار آبائی ملک کو چھوڑ کر لندن منتقل ہوگئیں۔یہ 1980ء کے عشرے کے اوائل کی بات ہے۔لندن پہنچ کر وہ موقر عرب روزنامے الحیات کے ساتھ رپورٹر کے طور پر منسلک ہوگئیں۔ان کی امل کے علاوہ ایک اور بیٹی طلا ہے۔ان دونوں کی انھوں نے لندن ہی میں پرورش کی اور انھیں اعلیٰ تعلیم دلوائی ہے۔

الحیات کے سابق ایڈیٹر انچیف اور معروف کالم نگار جہاد خازن نے باریا علم الدین کی شخصیت سے متعلق العربیہ سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی کوئی تین عشرے قبل ان سے پہلی مرتبہ ملاقات ہوئی تھی۔وہ اپنی نوجوانی میں ایک خوبصورت دوشیزہ تھیں اور ایک ''رومن دیوی'' نظر آتی تھیں۔وہ ایک پیشہ ور صحافیہ اور مختصر مگر جامع گفتگو کرنے والی ہیں۔

انھوں نے مزید بتایا کہ وہ سابق امریکی صدر بل کلنٹن، سابق برطانوی وزیراعظم آنجہانی مارگریٹ تھیچر ،کیوبا کے سابق صدر فیدل کاسترو اور سابق پاکستانی وزیراعظم شہید بے نظیر بھٹو سمیت اہم عالمی شخصیات کے انٹرویوز کرچکی ہیں۔

الحیات کے سابق ڈپٹی ایڈیٹر انچیف عبدالوہاب بدرا خان بتاتے ہیں کہ ان کے عرب دنیا سے پاکستان اور برسلز تک لیڈروں سے براہ راست روابط ہیں اور بہت سے شاہی خاندانوں اور شہزادیوں سے ذاتی تعلقات ہیں۔اس ضمن میں وہ اپنے بھائی اور بحرین کی معروف کاروباری شخصیت اکرم مکناس کے تعلقات کو بھی بروئے کار لائی ہیں۔

ان کے ایک ساتھی اور اخبار الشرق الاوسط کے مینجنگ ایڈیٹر عیاض ابو شکرہ بتاتے ہیں کہ باریا اول وآخر ایک عرب ہیں۔انھوں نے 2006ء میں اسرائیل کی لبنان پر مسلط کردہ جارحانہ جنگ کے خلاف سخت موقف اپنایا تھا اور وہ فلسطینی اور عرب علاقوں پر اسرائیلی قبضے کی مخالفت کرتی چلی آرہی ہیں۔وہ کسی کے خلاف تعصب نہیں رکھتی ہیں لیکن عرب حقوق کی حامی اور علمبردار ہیں۔

تاہم جب انھوں نے فلسطین کے لیجنڈ لیڈر یاسر عرفات کی بیوہ سوہا کا انٹرویو کیا تھا تو انھیں دائیں بازو کے لکھاریوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ان کی بیٹی امل کی جارج کلونی سے منگنی کی اطلاعات پر انھیں جاننے والوں نے کسی حیرت کا اظہار نہیں کیا ہے کیونکہ ان کا کہنا ہے کہ یہ کلونی ہی ہیں جنھیں اس رشتے سے فائدہ ہوگا۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں