.

ٹی وی اینکر کو براہ راست نشریات میں ڈانٹ کا سامنا

چینل کے مالک نے اپنے نکتہ نظر کیخلاف انٹرویو رکوا دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کوئی نہیں چاہتا کہ اس کا باس اسے سرعام سکھانا اور ڈانٹنا شروع کر دے۔ لیکن مصر کے ایک نیوز چینل کی اینکر رعنا الدوائک کے ساتھ یہ واقعہ عین اس وقت پیش آگیا جب وہ براہ راست نشر ہونے والے پروگرام کا حصہ تھی۔

چینل کے مالک نے براہ راست جاری نشریات کے دوران نشریات روک دینے کا کہا ۔ رعنا الدوائک وہ فراعین ٹی وی چینل سے '' مصر سے براہ راست '' نامی پروگرام کر رہی تھیں، اسی دوران چینل کے مالک توفیق عکاشہ نے اپنے ملازم کو آن ائیر ہونے والے مواد کے بارے میں سخت سست کہنا شروع کر دیا اور کہا '' جاو اور سیکھو''۔

الدوائک نے چھ اپریل تحریک پر لگائی گئی پابندی کے بارے ایک ماہر کا انٹرویو کیا۔ واضح رہے چھ اپریل تحریک ہی کی بدولت 2011 میں مطلق العنان حکمران حسنی مبارک کے اقتدار کا خاتمہ ممکن ہوا تھا لیکن چینل کے مالک نے اسی دوران پروگرام رکوا دیا۔

عکاشہ نے اینکر الدوائک سے کہا'' میں آپ سے ایک سوال پوچھنا چاہتا ہوں کہ اب تک آپ اس شخص سے کیوں بات کر رہی ہیں۔'' جوابا اینکر نے کہا '' ابھی تو بات شروع کی ہے۔'' اس پر اینکر سے کہا گیا کہ اس بات چیت کو فی الفور ختم کرو، یہ کہتے ہی عکاشہ نے اونچی آواز میں کہا '' جاو کچھ سیکھو۔''

اچانک باس کی ڈانٹ سن کر اینکر الدوائک سناٹے میں آ گئی اور اپنے آپ کو پر سکون ظاہر کرنے کی کوشش کرنے لگی۔ واضح رہے عکاشہ اس سے پہلے بھی 2011 کی تحریک، انقلاب اور 2012 کے صدارتی انتخاب کے بارے میں تحفظات ظاہر کرتے رہے ہیں۔