.

بیگم کو مبارک باد: سعودی نے سرکاری سائٹ ہیک کرلی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایک سعودی شخص نے اپنی اہلیہ کو گریجوایشن کے امتحان میں کامیابی پر مبارکباد دینے کے لیے منفرد طریقہ اپنایا ہے۔اس نے اپنی بیگم کو کوئی تحفہ ،پھول یا چاکلیٹس دینے کے بجائے ایک سرکاری ویب سائٹ ہی ہیک کر لی ہے اور اس پر بیگم کے نام تہنیتی پیغام پوسٹ کردیا ہے۔

اس سعودی ہیکر نے کمیشن برائے بجلی کی ویب سائٹ ہیک کرنے کے بعد لکھا ہے:''میں آپ کی ویب سائٹ ہیک کرنے پر معذرت خواہ ہوں لیکن میں اپنی شریک حیات بشائر کو اس کی گریجوایشن پر مبارک باد دینا چاہتا تھا اور ایسا میں آپ کی ویب سائٹ کے ذریعے کرنا چاہتا تھا''۔

اس ہیکر نے مزید لکھا ہے:''میں ہرکسی کی کامیابی کا متمنی ہوں''۔اس نے اپنے پیغام میں اسی پر بس نہیں کیا ہے بلکہ سعودی عرب میں ہیکروں کے خلاف نافذ سخت سزاؤں کا بھی مضحکہ اڑایا ہے اور سعودی حکومت کو مشورہ دیا ہے:''ہیکروں کو سخت سزائیں دینے سے زیادہ بہتر یہ ہوگا کہ آپ ویب سائٹس میں کوئی سقم ہی نہ چھوڑیں تاکہ آپ کو (ان کو) ہیک نہ کیا جاسکے''۔

ان صاحب نے دوسروں کو بھی اپنی مہارت سے استفادہ کرنے کی پیش کش کی ہے اور لکھا ہے:''میں ہیک ہونے والی ویب سائٹس کے مالکان کو یہ باور کرانا چاہتا ہوں کہ آپ مجھ سے ای میل کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں اور میں آپ کو (ویب سائٹس میں )دریافت ہونے والے اسقام کے بارے میں بتاؤں گا''۔

واضح رہے کہ سعودی حکومت نے حالیہ برسوں کے دوران مملکت میں ہیکروں کو اس طرح کی کارروائیوں سے روکنے اور ان کی حوصلہ شکنی کے لیے مختلف سزائیں نافذالعمل کی ہیں۔ان میں ہیکروں پر انٹرنیٹ کے استعمال پر پابندی کے علاوہ ایک سے چار سال تک قید اور تیس لاکھ ریال تک جرمانے کی سزائیں شامل ہیں۔