.

عازمین حج وعمرہ کے لیے پینا سانک کا دستی فوارہ متعارف

گھروں سے باہر سفر کے دوران وضو وغیرہ کے لیے بآسانی استعمال کیا جاسکے گا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جاپان کی الیکٹرانک مصنوعات بنانے والی کمپنی پیناسانک نے سعودی عرب میں عازمین حج و عمرہ کے لیے ایک چلتا پھرتا دستی فوارہ شحطاف محمول متعارف کرایا ہے۔

پیناسانک نے سعودی عرب کی مارکیٹ میں تحقیق کے بعد روزمرہ استعمال میں آنے والا یہ آلہ تیار کیا ہے۔اس سے پہلے سعودی مملکت میں لوگوں کو یہ عام شکایت رہی ہے کہ انھیں خاص طور پر شاہراہوں پر سفر کے دوران پانی دستیاب نہیں ہوتا ہے۔اسی طرح نکاسی آب کی سہولتوں کے حوالے سے بھی اظہار تشویش کیا جاتا رہا ہے اور لوگوں کو یہ شکایت رہی ہے کہ انھیں بیرونی ماحول میں صحت وصفائی کی سہولتیں نہیں ملتی ہیں۔

اس کمپنی کے سعودی دفتر کے ڈائریکٹر مارکیٹنگ ٹاکاہیرو کیاما کا کہنا ہے کہ ''یہ ایجاد مسافروں اور باہر جانے والوں کے لیے ضروری ہے۔اس کے جدید اسمارٹ ڈیزائن کی بدولت اس کو ہاتھ میں پکڑے جانے والے دوسرے سامان میں بآسانی رکھا جاسکتا ہے اور خود کو تروتازہ رکھنے کے لیے کسی بھی وقت استعمال کیا جاسکتا ہے۔

شحطاف محمول کو کسی دستی بیگ میں بھی رکھا جاسکتا ہے اور دوران سفر لوگ اپنی صفائی کے لیے اس کو اپنے ساتھ رکھ سکتے ہیں۔یہ بیٹری سے چلتا ہے،اس لیے اس کو چلانے کی خاطر بجلی کی بھی ضرورت نہیں ہے۔جہاں تک اس کے لیے استعمال میں آنے والے پانی کا تعلق ہے تو اس کو پانی کی کسی بھی بڑی بوتل پر فٹ کیا جاسکتا ہے اور پھر استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔

اس فوارے کو وضو ،طویل فاصلے سے واپسی یا گھر سے باہر سرگرمیوں کے بعد نہانے یا منہ دھونے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔اس سے بچے ،بڑے اور خصوصی افراد سبھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

شحطاف محمول جاپان میں تیار کیا گیا ہے اور پیناسانک نے اپنی دوسری مصنوعات کی طرح اس کے معیار اور پائیداری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا ہے۔کمپنی کو توقع ہے کہ سعودی عرب کے گرم ماحول میں یہ ذاتی استعمال کی ایک مستقل اور لازمی چیز بن جائے گا۔سعودی عرب کی مارکیٹوں میں یہ منفرد ایجاد اسی ماہ سے دستیاب ہوگی۔