.

معذور شخص کی 'کِک' سے فٹبال کپ کا افتتاح کل ہو گا

32 سربراہان مملکت کو میچ دیکھنے برازیل آنے کی دعوت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دنیا بھر میں فٹبال کے کروڑوں شائقین کی نظریں کل بروز جمعرات سے برازیل میں شروع ہونے والے فٹبال ورلڈ کپ پر جمی ہوئی ہیں۔ عالمی مقابلوں کے افتتاح کے موقع پر نامور گلوکارائیں رقص وموسیقی سے شائقین کو محظوظ کریں گی۔

اس رنگا رنگی کے جلو میں یہ منفرد حقیقت فراموش نہیں کی جا سکتی کہ عالمی فٹبال کپ کے مقابلوں کا افتتاح جسمانی طور پر معذور ایک شخص کی فٹبال 'کِک' سے ہو گا۔ معذور شخص کو ربورٹ کا لباس پہنایا جائے گا جو اپنے دماغ کے اشاروں کو استعمال کرتے ہوئے وہیل چیئر سے اتر کو مصنوعی ٹانگ سے فٹبال کو افتتاحی کک لگائے گا۔

جدید ترین سائنسی آلات سے لیس وہیل چیئر کی تیاری میں نو سال کا عرصہ لگا ہے جس پر 33 ملین ڈالر کے اخراجات آئے ہیں۔ فٹبال ورلڈ کپ کی افتتاحی کِک کے لیے آٹھ معذور افراد کو تیار کیا گیا ہے جن میں سے ایک کو کک لگانے کے لیے چُنا جائے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کی خصوصی رپورٹ کے مطابق برازیل میں 500 ملین ڈالر کی لاگت سے تیارکردہ فٹبال اسٹیڈیم میں 61 ہزار شائقین بھی افتتاحی تقریب میں موجود ہوں گے لیکن ٹی وی اسکرین پر میچ دیکھنے والوں کی تعداد کروڑوں میں ہو گی جنہیں اسٹیڈیم سے 600 نامور گلوکارائیں رقص اور موسیقی سے بھی محظوظ کریں گی۔

رپورٹ میں فٹبال ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کے لیے منتخب کردہ برازیلین اسٹیڈیم پر بھی روشنی ڈالی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسٹیڈیم کا نام 'ارینا کونیچس' جسے پرتگالی میں Itaquerao یا 'ایٹا کیرا' بھی کہا جاتا ہے۔ اسٹیڈیم کی تیاری میں برازیلی حکومت نے 500 ملین ڈالر کی بھاری رقم صرف کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق افتتاحی تقریب پچیس منٹ تک جاری رہے گی جس میں پوپ موسیقارہ کلاڈیا لیٹی کیوبن نژاد امریکی گلوکار نیٹبول کا لکھا ہوا گانا We are one سنائیں گی۔

برازیل میں کھیلے جانے والے فٹبال ورلڈ کپ کے موقع پر میزبان ملک نے 32 سربراہان مملکت کو میچ دیکھنے کی دعوت دی ہے۔ افتتاحی تقریب کے موقع پر برازیلی صدر ڈیلما روسیت مختصر خطاب بھی کریں گے۔ اس موقع پر برازیلی وزیر کھیل آلڈو ربیلو ایک نیوز کانفرنس کریں گے۔ افتتاحی تقریب میں بھی کئی اہم عالمی شخصیات مدعو کی گئی ہیں۔

سولہ جون کو اسی گراؤنڈ میں جرمنی اور پرتگال کے درمیان فٹ بال میچ کھیلا جائے گا جسے خصوصی طورپر دیکھنے جرمن چانسلر اینجیلا مرکل بھی اسٹیڈیم آئیں گی۔ اسی روز گھانا اور امریکا کے درمیان بھی مقابلہ ہو گا جس میں امریکی نائب صدر جون بائیڈن کی بطور تماشائی شرکت متوقع ہے۔ اب تک بارہ سربراہان مملکت نے فٹ بال ورلڈ کپ دیکھنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔