.

اپنی بھلائی کے لیے ذات پر سرمایہ کاری کریں: بل گیٹس

مشرق وسطیٰ میں غریبوں کی مدد کے وافر مواقع موجود ہیں:العربیہ کو انٹرویو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی اور دنیا کی بڑی مخیّر شخصیت بل گیٹس کا کہنا ہے کہ مشرق وسطیٰ کے خطے میں غریبوں کی مدد کے لیے وافر مواقع موجود ہیں اور لوگ اپنی بھلائی کے لیے اپنی ذات پر سرمایہ کاری کریں۔

انھوں نے یہ بات العربیہ نیوز چینل کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ''مشرق وسطیٰ کے لوگ بڑے مخیّر واقع ہوئے ہیں۔خیرات اس خطے کی ثقافت کا ایک اہم حصہ ہے۔اس لیے غریبوں کی ضروریات کو پورا کیا جاتا ہے''۔

انھوں نے بتایا کہ ان کی فاؤنڈیشن خطے کےمختلف اداروں اور افراد کے ساتھ مل کر کام کررہی ہے۔اس ضمن میں انھوں نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں اسلامی ترقیاتی بنک کے ساتھ مل کر کام کرنے کا حوالہ دیا ہے۔

دنیا کے کامیاب ترین فرد کی حیثیت سے بل گیٹس نے افرادِ معاشرہ کو ان کی اپنی بھلائی کے لیے مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ''وہ اپنی ذات پر صرف کریں۔انٹرنیٹ سے استفادہ کریں ،سیکھیں اور اپنے لیے موجود تعلیمی مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھائیں''۔

قبل ازیں اسی ہفتے انھوں نے امریکا میں مستقبل قریب میں پنپنے والے مالیاتی بحران کے خطرے کے حوالے سے خبردار کیا ہے۔ انھوں نے جدہ میں ایک نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی بحران سرمایہ دارانہ نظام کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں کیونکہ مالیاتی اور اقتصادی چکر اسی سے وابستہ ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ بل گیٹس اسلامی ترقیاتی بنک کے قیام کی چالیسیویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب میں شرکت لیے سعودی عرب آئے تھے۔