.

نیوز کانفرنس: جاپانی سیاستدان کرپشن کے الزام پر رو پڑا

سوشل میڈیا نے مشہور کر دیا، چودہ لاکھ نے پسند کیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جاپانیوں کے نرم دل اور جذبات سے لبریز ہونے کی بات نئی نہیں ہے لیکن ایک سیاستدان کا نیوز کانفرنس کے دوران کرپشن کا الزام لگنے پر ہیجانی کیفیت کے ساتھ اونچی آواز میں رونے لگ جانا ایک خبر ہے۔

اس جاپانی سیاستدان کی رونے اور چلانے کے حوالے سے ویڈیو کو سوشل میڈیا پر اب تک تقریبا چودہ لاکھ سے زائد لوگ دیکھنے کے بعد پسند کر چکے ہیں۔

نیوز کانفرنس کے دوران اس مشہوری پانے والے سیاستدان ریوتارو نونو مرا سے سوال پوچھا گیا تھا کہ انہوں نے تین ملین ین کی رقم کا غلط استعمال کیوں کیا ہے۔ اس سوال پر وہ اپنے لمبے سفروں کے لیے خریدی گئی 195 کی ریٹرن ٹکٹوں کا ثبوت پیش نہ کر سکے۔

ریو تارونو نو مرا کا اصرار تھا کہ ان سب جگہوں کا انہوں نے دورہ کیا ہے اور کوئی سفر بھی محض کاغذی نہیں ہے۔

لیکن اخبار نویس ان ٹکٹوں کی نقول دکھانے پر اصرار کرتے رہے۔ جس پر '' معصوم ''سیاستدان کے پاس بلک بلک کر رو دینے کے سوا چارہ نہ رہا۔

معلوم ہوا ہے کہ اس سیاستدان نے کبھی بھارت اور پاکستان کا دورہ نہیں کیا ہے ۔ نہ کبھی ان ملکوں کے سیاستدانوں سے ملاقات کی ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ کرپشن کے سوال پر وہ ڈھیر ہو گئے ورنہ وہ بھی سب پر بھاری ہوتے۔