.

جان کیری، معاونین کی صدارتی محل آمد پر آلاتی تلاشی

مصری سکیورٹی اہلکاروں نے ایک امریکی عہدے دار کی جیبیں خالی کرا لیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے سکیورٹی حکام نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری اور ان کے معاونین کی قاہرہ کے صدارتی محل میں صدرعبدالفتاح السیسی سے ملاقات کے لیے آمد کے موقع پر میٹل ڈیٹیکٹر سے تلاشی لی ہے۔

مصر میں کسی اعلیٰ امریکی عہدے دار کی اس طرح آلاتی جامہ تلاشی کا یہ پہلا غیر معمولی واقعہ ہے۔قاہرہ کے صدارتی محل کی فوٹیج میں ایک سکیورٹی اہلکار نے ہاتھ میں میٹل ڈیٹیکٹر پکڑ رکھا ہے اور وہ جان کیری کی جیکٹ کے نچلے حصے کے ساتھ اس کو لگا رہا ہے۔پھر انھیں چیک کرنے کے بعد صدارتی محل کے اندر جانے کا کہہ رہا ہے۔

اس فوٹیج میں جان کیری چند سیکنڈز کے لیے ہی نمودار ہورہے ہیں۔اس کے بعد ان کے ساتھ آنے والے وفد کے ارکان کو وہاں نصب ایک میٹل ڈیٹکٹر سے گذارا جا رہا ہے اور ایک اہلکار انھیں ہاتھ میں پکڑے میٹل ڈیٹکٹر سے بھی چیک کررہا ہے اور وہ امریکی وفد کے ارکان میں سے ایک کو جیبیں خالی کرنے کے لیے کہتا ہے اور اس کی جیبیں خالی کرالی جاتی ہیں۔

جان کیری کے معاونین میں ان کے ڈپٹی چیف آف اسٹاف جوناتھن فنر ،سینیر مشیر ڈیوڈ تھورن اور خاتون ترجمان جین سکئی شامل تھیں۔امریکی وزیرخارجہ نے مصری صدرعبدالفتاح السیسی سے غزہ میں گذشتہ دوہفتوں سے جاری جنگ کو بند کرانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ہے۔اسرائیل کی مسلط کردہ اس جنگ کے نتیجے میں ساڑھے پانچ سو سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جبکہ پچیس صہیونی فوجیوں سمیت کم سے کم تیس یہودی مارے گئے ہیں۔