.

دشمن کی سازشوں سے خبردار رہیں:سعودی مفتیِ اعظم

اسلام دشمن مسلمانوں کو اللہ کی راہ سے بھٹکانا چاہتے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے مفتیِ اعظم شیخ عبدالعزیز آل الشیخ نے مسلم دنیا پر زوردیا ہے کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کرے اور دشمن کی سازشوں سے خبردار رہے۔

سعودی مفتی اعظم نئے اسلامی سال کے آغاز کے موقع پر اپنے ہفتہ وار پروگرام میں مسلمانوں سے مخاطب تھے۔ سعودی عرب میں ہفتے کے روز ہجری سال کا آغاز ہوا تھا۔ انھوں نے کہا کہ ''ہماری اُمت (مسلم دنیا) اس وقت ایک نازک دور سے گزر رہی ہے۔اسلام کے دشمنوں سے مختلف قسم کے چیلنجز درپیش ہیں۔وہ مسلمانوں کو اللہ کے راستے سے بھٹکانا چاہتے ہیں تاکہ انھیں تنازعات اور تقسیم کا شکار کرسکیں''۔

انھوں نے مسلمانوں پر زوردیا ہے کہ وہ قرآن وسُنت کی تعلیمات کی پاسداری کریں۔ان کا کہنا تھا کہ ''مسلم اور عرب دنیا کو اس وقت بہت ہی دردناک اور افسوس ناک صورت حال کا سامنا ہے۔ان دھماکوں اور تنازعات نے ملکوں اور ان کے ڈھانچوں ،زراعت اور سرزمین کو تباہ کردیا ہے۔ان سے تقسیم نے جنم لیا ہے اور ان کے بیٹے بے گھر ہوگئے ہیں''۔

شیخ عبدالعزیز آل الشیخ کا کہنا تھا کہ ''اللہ سے رجوع ، شریعت اور پیغمبر اسلام صلی اللہعلیہ وسلم کی تعلیمات کی پیروی کے بغیر ان بغاوتوں اور خرافات سے چھٹکارا ممکن نہیں ہے۔جب تک مسلمانوں میں اختلافات برقرار رہتے ہیں اور وہ اللہ کے دین سے دور رہتے ہیں،تو انھیں اسی طرح اتھل پتھل کا سامنا رہے گا''۔

انھوں نے کہا کہ ''نئے ہجری سال 1436ء کا آغاز ہوچکا ہے،میری اللہ سے دعا ہے کہ وہ اس کو مسلمانوں کے لیے اچھائی اور رحمتوں کا سال بنائے۔وہ ہمیں اپنی پسند کے مطابق کامیابیاں عطاکرے ،ہمارے گناہوں اور غلطیوں کو معاف کرے اور ہماری توبہ کو قبول کرے''۔