.

سی این این نے ''اسامہ'' کو اوباما بنا دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

دنیا بھر کے ٹیلی ویژن چینلز دوسروں کی خبر تو خوب لیتے ہیں لیکن کبھی وہ خود بھی لاشعوی طور پر اپنی مضحکہ خیزیوں اور حواس باختہ حرکات کی بدولت بڑی خبر بن جایا کرتے ہیں۔

کچھ ایسا ہی معاملہ امریکا کے مشہور کیبل نیوز نیٹ ورک (سی این این) کے ساتھ پیش آیا ہے۔اس نے القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو پاکستان کے شہر ایبٹ آباد میں پہلی گولی مار کر قتل کرنے والے نیوی سیل کے دعوے سے متعلق ایک پروگرام کے دوران اسامہ کی جگہ غلطی سے لفظ اوباما لکھ دیا ہے۔

ان دونوں ناموں کے انگریزی ہجے میں صرف حرف بی اور ایس ہی کا فرق ہے۔باقی تمام حروف ایک جیسے ہیں۔سی این این نے اپنی سکرین پر نمایاں بینر میں لکھا:''اوباما کو قتل کرنے کا دعویٰ کرنے والا سیل تنقید کی زد میں''۔

اس وقت سی این این پر ایرن برنیٹ کا آؤٹ فرنٹ شو براہ راست نشر ہورہا تھا اور اس پروگرام کے دوران یہ بینر کوئی پچاس سیکنڈز تک ٹی وی سکرین کی زینت بنا رہا تھا۔پھر ''اوباما'' کی جگہ ''بن لادن'' لکھ تو دیا گیا لیکن تب تک شاید بہت تاخیر ہوچکی تھی۔

بہت سے ناظرین نے اس مختصر وقت ہی میں اس بینر کی تصویریں بنا لی تھیں اور ان کو ٹویٹر پر پوسٹ کرکے سی این این کی اس مضحکہ خیزی کا خوب مذاق اڑایا ہے۔

ایک صاحب نے سی این این کے ٹویٹراکاؤنٹ پر لکھا:''اسامہ بن لادن کا نام ایسا ہے کہ اس کے غلط ہجے نہیں کیے جاسکتے۔اسامہ اور صدر اوباما کو ایک دوسرے سے ادلی بدلی بھی نہیں کیا جاسکتا ہے۔