.

امارات کے قومی دن کی mbc پر بھرپور کوریج

عمارت پر چراغاں، عملے کا موقع کی مناسبت سے گٹ اپ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

متحدہ عرب امارات میں آج 02 دسمبر بروز منگل 43 واں قومی دن پورے قومی جوش جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کی مناسبت سے العربیہ نیوز چینل کے مادر ٹیلی ویژن نیٹ ورک مڈل ایسٹ براڈ کاسٹنگ سینٹرmbc کی اسکرین پر بھرکوریج کا اہتمام کیا گیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق mbc نیٹ ورک سے وابستہ ٹیکنیکل اور ادارتی اسٹاف کو متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی کوریج کی خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس حوالے سے ایم بی سی خصوصی پروگرام نشر کر رہا ہے جن میں متحدہ عرب امارات کی اہم حکومتی شخصیات کے انٹرویوز اور خصوصی رپورٹس کے ذریعے اس کی اہمیت کو اجاگر کیا جائے گا۔

یو اے ای کی قومی دن کی مناسبت سے’ایم بی سی‘ کا براڈ کاسٹنگ عملہ، نیوز کاسٹرز اپنے سینوں پر قومی دن کی مناسبت سے تیار کردہ ’بلے‘ آویزاں کریں گے اور ساتھ ہی ساتھ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے قومی پرچموں پر مشتمل پٹیاں اپنے کندھوں پر لگائیں گے جن پر’’عزکم عزنا‘‘ یعنی [تہماری عزت، ہماری عزت] کی عبارت تحریر کی گئی ہے۔

اماراتی حکام کے خصوصی پیغامات

’ایم بی سی‘پر یو اے ای کے قومی دن کی خصوصی نشریات آج (منگل) اور کل بدھ کو بھی جاری رہیں گی۔ ایم بی سی کی اسکرین پر اماراتی قومی دن کے حوالے سے ٹاک شوز، کامیڈی شوز، موسیقی، شعر و شاعری، اسپورٹس کے پروگرامات نشر کیے جانے کے ساتھ ملک بھر میں ہونے والی قومی دن کی مناسبت سے سرگرمیوں کی نیوز کوریج کی جائے گی۔

قومی دن کے حوالے سے اماراتی حکام کے ریکارڈ شدہ اور براہ راست پیغامات بھی نشر کیے جائیں گے۔

خصوصی کامیڈی پروگرام

متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی مناسبت سے ’ایم بی سی ‘ کی اسکرین پر ‘سعودی عرب کی آنکھ، اماراتی آنکھ‘ کے عنوان سے دو سعودی فن کار عبدالمجید عبداللہ اور راشد الماجد خصوصی مزاحیہ شوطپیش کریں گے۔ احمد الھرمی کی کمپوزنگ اور احمد العلوی کے اسکرپٹ سے یہ پروگرام امارات کے قومی دن کی مناسبت سے خصوصی طور پر تیار کیا گیا ہے۔

دو روز تک جاری رہنے والی خصوصی نشریات میں پروگرامات کی ترتیب یو اے ای کے قومی دن کی مصروفیات کے تناظر میں تیار کی گئی ہے۔ مختلف نوعیت کے پروگرامات کے ساتھ ساتھ لائیو کوریج، براہ راست انٹرویوز اور اچانک ہونے والی اماراتی حکام کی ملاقاتوں کو بھی براہ راست ٹی وی اسکرین پر دکھایا جائے گا۔

"ایم بی سی‘‘ کے خصوصی پروگرام ‘‘ عرب آیڈل‘‘ کے رواں ہفتے پیش کیے جانے والے دو شوز میں اماراتی قومی دن کی تقریبات کو کوریج دی جائے گی۔

یکجہتی مہم

MBC گروپ کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ادارے کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کے حوالے سے یو اے ای سے مکمل یکجہتی کے اظہارکے لیے ‘‘تمہاری عزت، ہماری عزت‘‘ کے عنوان سے مہم چلائی جا رہی ہے۔

اسی مہم کے سلسلے میں ایک طویل کامیڈی ڈرامہ سیریل بھی نشر کی جائے گی جس میں ایک ایسے سعودی باپ بیٹے کا قصہ بیان کیا گیا ہے جو دبئی آتے ہیں۔ سعودی شہری سمندر کے کنارے الجمیرا کے مقام پر 35 سال قبل زمین خرید کرتا ہے۔ کچھ عرصہ قبل جب وہ دوبارہ دبئی میں اپنی زمین دیکھنے آتے ہیں تو دیکھ کرحیران رہ جاتے ہیں کہ ان کی خریدی گئی زمین پر 'برج العرب' ہوٹل تعمیر کیا جا چکا ہے۔

مختلف عرب ممالک کے اخبارات اور نیوز ویب پورٹل نے بھی ایم بی سی کی جانب سے متحدہ عرب امارات کے قومی دن کی کوریج کی تیاریوں پر روشنی ڈالی ہے۔ ان میں سعودی اخبار عکاظ، الریاض، سعودی الجزیرہ، ایلاف نیوز ویب پورٹل، الوطن، اماراتی اخبار الخلیج، الیوم اور البیان خاص طور پر شامل ہیں۔