.

’کارڈشیان مصری میاں بیوی میں جدائی کا موجب‘

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

میاں بیوی میں جدائی، خلع اور طلاق جیسے منفی رحجانات عام ہیں مگر بعض اوقات نہایت غیر معقول اسباب اور محرکات طلاق اور خلع کا موجب بن جاتے ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق مصر میں حال ہی میں بیوی کو شوہر سے خلع دلوانے کا ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا۔ مصر کی عدالت نے بیوی کی درخواست پر خلع کا دعوی دائر کر دیا۔ عدالت میں دائر درخواست میں خاتون نے موقف اختیار کیا تھا کہ اس کا شوہر اسے بہ اصرار تقاضا کرتا ہے کہ وہ امریکی فیشن ماڈل کیم کارڈیشان یا لبنان کی انتہائی بولڈ گلوکارہ ہیفا وھبی کی طرح بن کر دکھائے۔

جنوبی قاہرہ میں الجیزہ فیملی کورٹ میں دائر درخواست میں خاتون ’’رحمہ م‘‘ نے بتایا کہ اس کے شوہر کی جانب سے اسے مسلسل نفسیاتی اور ذہنی دبائو کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ شوہر بار بار اسے امریکی اداکارہ کیم کاردڈیشان کی مشابہت اختیار کرنے کا غیر معقول مطالبہ کرتا رہا جو کہ پورا کرنا میرے بس میں نہیں تھا۔ میں نے تنگ آ کر خلع کی درخواست دی ہے۔

خاتون کا مزید کہنا ہے کہ اس کا شوہر اس کے شرعی حقوق پورے کرنے کے بجائے اس سے الٹے سیدھے مطالبات کرتا رہا ہے۔ وہ مسلسل مجھے دوسری خواتین کی شکل وصورت اختیار کرنے پر دبائو ڈالتا تو مجھے اس کی دیانت داری پر شبہ ہوتا۔ آخر کار یہ ثابت ہوگیا کہ شوہر دوسری خواتین کی شکل وصورت میں دلچسپی لے کر مجھ سے خیانت کر رہا ہے۔ لہٰذا میں مزید اس کے ساتھ نہیں رہنا چاہتی۔

دوسری جانب شوہر ہیثم نے عدالت کے مصالحتی شعبے کو بتایا کہ میں نے شادی خود کو خوش رکھنے کے لیے کی تھی، میں فحش اور برائی سے بچنا چاہتا ہوں لیکن میری بیوی نے میری خواہشات پر کوئی توجہ نہیں دی، حتیٰ کہ ہم شرعی تعلقات بھی قائم نہیں کر سکے ہیں۔ اس کی مسلسل لا پرواہی نے مجھے خیانت کے گہرے گڑھے میں گرا دیا۔

عدالت نے میاں بیوی کے درمیان صلح کی بھی کوشش کی مگر بیوی نے خلع پر اصرار جاری رکھا جس کے بعد اس کے خلع کا فیصلہ جاری کر دیا گیا۔