.

جینٹ جیکسن شام اور فلسطین کے امن مشن پر!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی مشہور پاپ گلوکارہ جینٹ جیکسن نے اتوار کو اپنے ارب پتی قطری خاوند وسام المنا کے ساتھ مقبوضہ فلسطینی علاقوں کا دورہ کیا ہے۔

مس جیکسن یونیسیف کی خیرسگالی کی سفیر ہیں،انھوں نے مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک ہائی اسکول میں فلسطینی طالبات سے ملاقات کی ہے،ان کے ساتھ تصویر بنوائی ہے اور اس کو ''خوبصورت فلسطینی طالبات کے ساتھ'' کے عنوان سے ٹویٹ کیا ہے۔

انھوں نے اپنے خاوند وسام کی بھی ایک تصویر ٹویٹ کی ہے۔وہ الخلیل کے جنوب میں واقع پہاڑیوں پر نوعمر فلسطینی لڑکوں کے ساتھ نظر آرہے ہیں اور انھوں نے امن کا نشان بنایا ہوا ہے۔

مقبوضہ فلسطینی علاقوں سے قبل انھوں نے 17 دسمبر کو اردن میں شامی مہاجرین کے کیمپ الزعتری کا دورہ کیا تھا۔اس کیمپ میں شام میں جاری خانہ جنگی کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے ہزاروں مہاجرین رہ رہے ہیں۔

جینٹ جیکسن مشہور پاپ اسٹار اور پاپ موسیقی کو بام عروج پر پہنچانے والے آنجہانی مائیکل جیکسن کی بہن ہیں۔ان کا خلیجی ریاستوں میں آنا جانا لگا رہتا ہے اور انھوں نے 2011ء میں ابوظہبی میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا تھا۔وہ گذشتہ سال ستمبر میں دبئی میں روایتی اسلامی لباس عبایا میں ملبوس دیکھی گئی تھیں جس سے ان کے بارے میں اس افواہ کو تقویت ملی تھیں کہ وہ دائرہ اسلام میں داخل ہوچکی ہیں۔

انھوں نے سنہ 2012ء میں قطر کی معروف کاروباری شخصیت وسام المنا سے شادی کرلی تھی۔فروری 2013ء میں ان کے نمائندے نے اس شادی کی تصدیق کی تھی۔ان کے ایک اور بھائی جرمین جیکسن نے بھی 1980ء کے عشرے میں متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد اسلام قبول کر لیا تھا۔