.

محبوبہ کی فلائٹ رکوانے کے لئے فرانسیسی عاشق کا انوکھا اقدام؟

فلائٹ رکوانے کے لئے جہاز میں بم کی جھوٹی اطلاع پر عاشق جیل جا پہنچا‎

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

کہتے ہیں پیار اندھا ہوتا ہے اور پیار میں گرفتار افراد کو کئی بار اپنے پیار کی خاطر بہت خطرناک قدم اٹھانے پڑتے ہیں۔ ایسا ہی ایک عمل فرانس میں دیکھنے میں آیا جب ایک فرانسیسی شخص نے پیار کے ہاتھوں مجبور ہوکر ایک مقامی ائیرپورٹ پر بم کی جھوٹی اطلاع دی تاکہ اس کی محبوبہ کی فلائٹ میں تاخیر ہوجائے اور وہ آرام سے ائیرپورٹ پہنچ کر فلائٹ میں سوار ہوجائیں۔

اطلاعات کے مطابق 33 سالہ فرانسیسی شہری نے فرانس کے جنوب مغربی شہر بوردو میرینیاک کے مقامی ائیرپورٹ پر جمعرات کے روز فون کیا اور حکام کو بتایا کہ ائیرپورٹ پر بم نصب کیا گیا ہے۔ مقامی پولیس نے فوری طور پر ائیرپورٹ کے حصے کو خالی کروا کر تلاشی شروع کردی۔ اس کے بعد سیکیورٹی حکام نے بردو سے تقریبا 20 کلومیٹر دور ایک مقام پر چھاپے کے بعد مذکورہ شخص کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے سوالات کے جواب میں فرانسیسی شہری نے اعتراف کیا کہ اس نے ہی یہ جھوٹی کال کی تھی اور حکام کو بتایا کہ اس نے اپنی گرل فرینڈ کی فلائٹ میں تاخیر کے لئے یہ کال کی تھی کیوںکہ وہ ٹریفک میں پھنسی ہوئی تھی اور اس کا وقت پر ائیرپورٹ پہنچنا ناممکن تھا۔

مگر اس پیار کے ہاتھوں مجبور شخص کو یہ عمل کافی مہنگا پڑ سکتا ہے۔ سرکاری وکلاء کے مطابق مذکورہ شخص کو اس جرم میں دو سال قید اور 30 ہزار یورو کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔

فرانسیسی شخص کو جلد ہی بوردو کی مقامی عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔