.

امل کلونی سیف الاسلام قذافی کی جان بچانے کے لیے کوشاں

اقوام متحدہ سے طرابلس عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد رکوانے کا مطالبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ہالی ووڈ کے معروف اداکار جارج کلونی کی اہلیہ لندن میں مقیم لبنانی وکیل امل کلونی لیبیا کے سابق صدر معمر قذافی کے بیٹے سیف الاسلام قذافی اور سابق انٹیلی جنس چیف عبداللہ السنوسی کی زندگیوں کو بچانے کے لیے کوشاں ہیں۔

لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں قائم ایک عدالت نے گذشتہ ہفتے ان دونوں سمیت دس سابق عہدے داروں کو سنہ 2011ء میں مطلق العنان حکمران معمر قذافی کی حکومت کے خلاف عوامی احتجاجی تحریک کے دوران انسانیت مخالف جرائم اور جنگی جرائم کے الزامات میں قصور وار قرار دے کر سزائے موت سنائی ہے۔

برطانوی اخبار ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق امل کلونی لیبیا کی انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ اور مقتول معمر قذافی کے برادر نسبتی عبداللہ السنوسی کے خلاف مقدمہ ہیگ میں قائم بین الاقوامی فوجداری عدالت میں منتقل کرنے کے لیے کوشاں رہی ہیں۔

ان کے لندن میں قائم چیمبر نے اقوام متحدہ سے اگلے روز مطالبہ کیا ہے کہ مذکورہ دونوں شخصیات اور لیبیا کے سابق وزیراعظم البغدادی المحمودی سمیت دس افراد کو سنائی گئی سزائے موت پر عمل درآمد رکوائے۔اگر طرابلس عدالت کے فیصلے پر عمل درآمد کیا جاتا ہے تو ان افراد کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے موت سے ہم کنار کیا جائے گا۔