.

امریکی رپورٹر اور کیمرامین کا لائیو نشریات کے دوران قتل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

صحافی اپنے ملک اور دنیا بھر میں رونما ہونے والے چھوٹے بڑے واقعات کی خبریں تو دیتے ہی رہتے ہیں مگر بعض اوقات وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران خود بھی بڑی خبر بن جایا کرتے ہیں۔ایسا ہی ایک واقعہ امریکی ریاست ورجینیا میں پیش آیا ہے جہاں بدھ کی صبح ایک ٹیلی ویژن رپورٹر اور کیمرا مین کو براہ راست نشریات کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنا کر موت کی نیند سلا دیا گیا ہے۔

ورجینیا کے گورنر ٹیری میکلیفی نے ایک ریڈیو پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ خاتون رپورٹر اور کیمرا مین کو ان کے چینل ہی کے ایک ناراض ملازم نے گولیاں ماری ہیں۔انھوں نے بتایا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس ملزم کی تصویر موجود ہے۔پولیس اس کو پکڑنے کے لیے ایک بین الریاستی شاہراہ پر پیچھا کررہی ہے اور اس کی گرفتاری یقینی ہے۔

مقتولہ رپورٹر کی شناخت علیسن پارکر اور کیمرا مین کی ایڈم وارڈ کے نام سے کی گئی ہے۔ان کا تعلق امریکی ٹیلی ویژن اسٹیشن ڈبلیو ڈی بی جے- ٹی وی سے تھا۔پارکرمونیٹا، ورجینیا میں واقع برج واٹر پلازا میں سیاحت سے متعلق لوگوں کے انٹرویوز کررہی تھیں اور کیمرا مین اس کی فلم بندی کررہے تھے۔یہ سب کچھ ان کے ٹیلی ویژن سے براہ راست دکھایا جارہا تھا۔

علیسن پارکر امریکی وقت کے مطابق صبح قریباً چھے بج کر پینتالیس منٹ پراقتصادی ترقی سے متعلق ایک عہدے دار کا فرینکلن کاؤنٹی کی ماؤنٹین لیک میں سیاحت سے متعلق انٹرویو کررہی تھیں۔وہ مسکرا رہی تھیں کہ اس دوران اچانک آٹھ گولیاں چلنے کی آواز آئی۔اس کے بعد ان کی چلّاتے اور بھاگتے ہوئے یہ آواز سنی گئی:''اوہ مائی گاڈ''۔

اس دوران کیمرا زمین پر گر جاتا ہے اور اس میں سے فائرنگ کرنے والے کی بھاگتے ہوئے تصویر دیکھی جاسکتی ہے۔اس نے سیاہ پتلون اور نیلی قمیص زیب تن کررکھی تھی اور اس کے ہاتھ میں بندوق تھی۔

فائرنگ کے بعد اسٹیشن نے اسٹوڈیو سے اینکر کا ایک شاٹ دکھایا جو یہ کہہ رہا تھا کہ ''او کے ،یہ یقینی نہیں ہے کہ کیا واقعہ پیش آیا ہے۔جونہی ہمیں ان آوازوں کے بارے میں پتا چلتا ہے تو ہم آپ کو جلد دے جلد مطلع کریں گے''۔

مقتولہ پارکر کی عمر صرف چوبیس سال تھی۔وہ جیمز ماڈیسن یونیورسٹی میں زیرتعلیم رہی تھیں جہاں وہ اسکول کے اخبار''دا بریز'' کی ایڈیٹر بھی رہ چکی تھیں۔وہ ڈبلیو ڈی بی جے- ٹی وی میں ایک انٹرن کے طور پر کام کررہی تھیں۔

اس ٹی وی اسٹیشن کی ویب سائٹ پر کیمرامین ایڈم وارڈ کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ان کی عمر ستائیس سال تھی اور وہ ورجینیا ٹیک سے گریجوایٹ تھے۔وہ اسٹیشن کے ساتھ پروڈیوسر کے طور پر وابستہ تھے۔اس اسٹیشن کے دفاتررونوک، ورجینیا میں ہیں اور یہ ریاست کے جنوب مغربی اور وسطی حصے میں اپنی نشریات پیش کرتا ہے۔فائرنگ کا واقعہ جس شاپنگ مال میں پیش آیا ہے،یہ رونوک کے جنوب مشرق میں واقع مونیٹا میں اسمتھ ماؤنٹین لیک کے نزدیک ہے۔