.

مسجد حرام میں کرین حادثہ کیسے رونما ہوا؟ ویڈیو دیکھیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جُمعہ کی شام موسم کی خرابی کے باعث #مسجد_حرام کے زیرتعمیر حصے میں لگی ایک کرین کے المناک حادثے اور اس کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر جہاں پورا عالم اسلام سوگوار ہے وہیں لوگ اس حادثے کی تفصیلات بھی جاننے کے خواہاں ہیں۔ #العربیہ نیوز چینل نے ناظرین کی رہ نمائی کے لیے حادثے کی ایک فرضی 'توضیحی' ویڈیو نشر کی ہے جس کی مدد سے حادثے کا پس منظر با آسانی معلوم کیا جا سکتا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق #سعودی_عرب کے معیاری وقت کے مطابق شام پانچ بج کر 10 منٹ پر نمازی اور عازمین حج مسجد حرام میں نماز مغرب کے لیے جمع ہونا شروع ہوئے تو موسم نہایت خراب تھا۔ گرج چمک کے ساتھ تیز بارش اور آندھی ایک ریلے کی شکل میں جاری تھی۔

ماہرین موسمیات کے مطابق تیز بارش کے ساتھ ساٹھ کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے آندھی چل رہی تھی۔ موسم کی خرابی کے پیش نظر محکمہ موسمیات و تحفظ ماحولیات کی جانب سے پیشگی احتیاطی تدابیر کی سخت تاکید بھی کی گئی تھی۔ خاص طور پر مقامات مقدسہ اور مکہ مکرمہ میں عازمین حج کے تحفظ کے لیے سخت اقدامات کیے گئے تھے۔ اسی اثناء میں مسجد حرام کی مشرقی سمت میں زیر تعمیر حصے میں لگی 60 میٹر بلند کرین ٹوٹ کر مسجد کے اندرونی احاطے میں آگری۔ دسیوں ٹن وزنی کرین کے گرنے سے مسجد حرام کا مشرقی حصہ اس کی زد میں آیا۔ حادثے کی وجہ سے مطاف اور مسعی بھی متاثر ہوئے۔