.

جارج کلونی کا شادی کی سالگرہ پر اہلیہ کو 'انوکھا تحفہ'

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ہالی وڈ کے معروف امریکی اداکار جارج کلونی نے اپنی لبنانی نژاد اہلیہ امل علم الدین ایڈووکیٹ کو شادی کی پہلی سالگرہ پر انوکھا تحفہ پیش کر کے حیران کر دیا۔ جارج کلونی نے شادی کی سالگرہ کی خوشی میں اپنی بیوی کے پسندیدہ ریستوران کی شاخ لندن میں کھلوانے کا فیصلہ کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق جارج کلونی نے لوس اینجلز میں اپنے گھر کے قریب واقع امل کے پسندیدہ ترین جاپانی ریستوران کی شاخ لندن میں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے ریستوران انتظامیہ کو بتایا کہ وہ اس ضمن میں اٹھنے والے تمام اخراجات اس شرط پر برداشت کریں گے کہ ان کی اہلیہ کو تازہ ڈشز فراہم کی جائیں گی۔ لندن برانچ کی نگرانی جاپان کے معروف شیف اور Asanebo Sushi ریستوران کے مالک کریں گے، جن کی تیارکردہ ڈشز کی امل علم الدین دیوانی ہیں۔

ریستوران کی لندن شاخ کھولنے کی مد میں اٹھنے والے اخراجات کا تخمینہ 460 ہزار ڈالر ہے، جو جارج کلونی برداشت کریں گے۔ اس میں ریستوران کی پروموشن اور اشتہاری مہم کا خرچ شامل نہیں۔

بادی النظر میں ایسا لگتا ہے کہ کلونی کے اپنی چہیتی بیگم کے لئے تحائف کا سلسلہ رکنے والا نہیں۔ وہ انہیں خوبصورت سیاحتی دوروں اور مہنگے زیورات کو چھپا کر پیش کر کے لبھانے میں بہت زیادہ مشہور ہیں۔