.

دبئی کی بہتری میں آپ بھی شریک ہوں: الشیخ محمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

حاکم دبئی نے ندرت فکر کے اظہار کے لئے ہفتے کے روز 'محمد بن راشد سمارٹ مجلس' لانچ کر دی۔ مجلس الشیخ محمد بن راشد کی براہ راست نگرانی میں کام کرے گی۔ اس کا مقصد شہریوں سے نت نئے آئیڈیاز، تجاویز اور نوٹس کا حصول ہے۔

الشيخ محمد بن راشد نے اپنی ویب سائٹ پر کہا ہے کہ "مجلس [چوپال] کا تصور ہماری قومی ثقافت اور روایات کا حصہ رہا ہے جس میں آنے والے اپنی آراء پیش کرتے اور ان کا حل تلاش کرتے۔ وقت گزرنے کے ساتھ مجلس کے تصور میں ترقی ہوتی چلی گئی اور اس میں تبادلہ خیال کا دائرہ وسیع ہوتا چلا گیا اور ایسی سوچ داخل ہوتی گئی جس نے مستقبل سنوارنے میں اہم کردار ادا کیا۔"

حاکم دبئی کا مزید کہنا تھا سمارٹ سٹی کے دور اور دبئی کے روز افزوں ترقی پاتے معاشرے میں سمارٹ مجلس کی ضرورت پہلے سے زیادہ محسوس ہوتی ہے۔ مجلس نئی سوچ، نوٹس اور آئیڈیاز کی ترسیل کے لئے پلیٹ فارم کا کام کرے گی۔ یہ پلیٹ فارم دبئی میں رہنے والے تمام افراد کو اسے بہتر بنانے میں اپنا حصہ ادا کرنے میں مدد دے گا۔

اس مجلس کا باقاعدہ افتتاح الشیخ محمد بن راشد آل مکتوم، نائب صدر متحدہ عرب امارات، مملکت کے وزیر اعظم، حاکم دبئی اور وزیر دفاع نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام کے ذریعے کیا۔

انہوں نے واضح کیا کہ 'محمد بن راشد سمارٹ مجلس' میں دبئی حکومت کے تیس شعبے شامل ہوں گے۔ اس میں پیش کئے جانے والے خیالات اور سوچ کو اہمیت دی جائے گی تاکہ 'دنیا کا بہترین شہر" بنا سکیں۔

انہوں نے کہا کہ دبئی ایک کھلا میدان ہے اور معاشروں کی تشکیل بہتری اور ترقی لا کر ہی ممکن ہے۔ ہمیں یہ بات معلوم ہے کہ حکومت اس معاملے میں ایک فریق ہوتی ہے، سب کچھ نہیں ہوتی۔

'محمد بن راشد سمارٹ مجلس' کی ویب سائٹ کے علاوہ سمارٹ فونز کے ذریعے استفادہ کرنے کی خاطر اینڈرائڈ اور آئی او ایس ایپلی کیشنز بھی فری ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہیں۔