.

چار ہزار آلات سے لیس 2200 رضاکارمعتمرین کے لیے مامور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مسجد حرام میں طہارت و نظافت کے ذمہ دار ادارے کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے دوران عمرہ کی سعادت حاصل کرنے والے اللہ کے مہمانوں کی خدمت پر 2200 رضا کار مامور ہیں جنہیں 4078 جدید ترین آلات اور مشینوں سے لیس کیا گیا ہے۔ زیادہ سے زیادہ رضاکاروں اور جدید آلات کی سہولت کا مقصد معتمرین حضرات کو بیت اللہ کی زیارت کے دوران ہرممکن سہولت اور آسانی مہیا کرنا اور مناسک عمرہ کی ادائی میں ان کی معاونت کرنا ہے۔

مسجد حرام کے شعبہ طہارت کے ڈائریکٹر انجینیر محمد بن سلیمان الوقدانی کا کہنا ہے کہ ادارے کے وضع کردہ پلان کے تحت 2200 رضاکاروں کو جدید ترین آلات سے لیس کرنے کے بعد معتمرین کی خدمت پر مامور کیا گیا ہے۔ یہ رضاکار چوبیس گھنٹے کی بنیاد پر مسجد حرام کے فرش کی صفائی کے ساتھ ساتھ دیگر فرائض انجام دیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد حرام کے فرش پر 7000 قالین بچھائے گئے ہیں اور حسب ضرورت ان کی تعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔

مسجد حرام کے داخلی دروازوں سے متصل جوتوں کے لیے 10 لاکھ نئے ریک بنائے گئے ہیں۔ مسجد حرام کی قالینوں، داخلی اور خارجہ دروازوں پر معمول کے مطابق عطریات کا چھڑکاؤ کیا جاتا ہے۔ اب تک مسجد حرام میں 600 گیلن عطریات چھڑکے گئے ہیں جب کہ یومیہ صفائی کے دوران اوسطاً 20 ٹن کوڑا کرکٹ جمع کر کے تلف کیا جاتا ہے۔