.

اخلاقی پولیس کہاں ہے؟ایرانی موبائل ایپلی کیشن سے پتا لگا سکتے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران میں موبائل فون ایپلی کیشن تیار کرنے والے نامعلوم افراد کی ایک ٹیم نے ایک ایسی ایپلی کیشن تیار کر لی ہے جس سے شہری ملک کی بدنام اخلاقی پولیس کے کسی جگہ موجود ہونے کا پتا لگا سکتے ہیں اور اس طرح وہ اس سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

ایران کی مذہبی پولیس ''ارشاد'' کے نام سے جانی جاتی ہے۔اس کے اہلکار ملک بھر میں گشت کرتے رہتے ہیں اور اگر کوئی شخص اسلامی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا جائے تو اس کو گرفتار کر لیتے ہیں۔

نئی ایپلی کیشن تیار کرنے والوں نے اپنے ویب صفحے پر لکھا ہے:''ہم جو پہننا چاہتے ہیں ،ہمیں محض اس کی بنا پر کیوں سبکی کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟سوشل میڈیا نیٹ ورکس اور ویب سائٹس ان بے گناہ خواتین کی تصاویر اور فوٹیج سے بھری پڑی ہیں جنھیں ارشاد کے گشتی ایجنٹوں نے پکڑا ،مارا پیٹا یا زمین پر گھسیٹ رہے ہیں''۔

اس ایپلی کیشن کا نام ''گیرشد'' (ممکنہ معنی ،ارشاد کا سامنا کرنے کے بجائے اس کے ارد گرد رہو) ہے۔یہ ایپلی کیشن ہجوم کے ذریعے سے اطلاع کی بنیاد پر شہریوں کو یہ نشان دہی کرے گی کہ ارشاد کا اگلا چیک پوائنٹ کہاں واقع ہے؟

ایپلی کیشن صارفین کے فراہم کردہ ڈیٹا سے موبائل چیک پوائنٹس کی نشان دہی کرے گی۔اس کے بارے میں ایرانیوں نے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ایرانی سوشل میڈیا پر ایک نے لکھا ہے کہ ''یہ ایک اچھا اور دلچسپ آئیڈیا ہے۔اس کا سکیورٹی لیول چونکہ بہتر ہے،اس لیے ارشاد کی موجودگی کے بارے میں بتانے والا کا پتا نہیں چلایا جاسکے گا''۔

ایک اور نے لکھا ہے:'' ارشاد پیٹرول والے جو کچھ کررہے ہیں،میں ان سے اتفاق نہیں کرتا لیکن گیرشد کے ذریعے پولیس کی سرگرمیوں کو متاثر کیا جارہا ہے۔اگر اسی طرح کی ایک اور ایپلی کیشن آجاتی ہے جو ٹریفک پولیس کی موجودگی کا پتا دے تو پھر اس کا ہر جگہ نتیجہ کار حادثات کی صورت میں نکلے گا''۔

ایک ایرانی عالم نے ٹویٹ کیا ہے:''اللہ نے ہمیں اچھے کاموں کے لیے لوگوں کی حوصلہ افزائی کرنے اور غلط کاموں سے روکنے کی حوصلہ شکنی کا حکم دیا ہے۔یہ اخلاقی پولیس جس طریقے سے کام کررہی ہے،اس سے یہ اپنے نام کی لاج نہیں رکھ رہی ہے لیکن اس اخلاقی پولیس کے ایشو کو اس طرح موبائل فون ایپلی کیشن کے ذریعے حل کرنے کا جو طریقہ دریافت کیا گیا ہے،یہ بھی درست نہیں ہے۔مجھے مستقبل میں اس کام کے اثرات پر تشویش لاحق ہے''۔

ایران کی اخلاقی پولیس شہریوں کے اخلاق سدھارنے ،ضابطہ لباس کی پاسداری اور تہذیب وشائستگی کو برقرار رکھنے کی ذمے دار ہے۔اگر کسی عورت نے بہت زیادہ میک اپ تھوپ رکھا ہو یا کسی نوجوان نے مغربی طرز کا لباس پہن رکھا ہو تو پولیس اس کو انتباہ جاری کرنے یا ان کے خلاف مقدمات چلانے کا اختیار رکھتی ہے۔