.

"داعش کی ہالی ووڈ اسٹائل وڈیوز" کا پول کھل گیا!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

جب سے شدت پسند تنظیم داعش نے شام، عراق، لیبیا اور دیگر عرب ممالک میں اپنی "سفاکیت" اور جرائم کی عکس بندی کرنا شروع کی ہے ... دہشت گرد تنظیم کی "ہالی ووڈ اسٹائل وڈیوز" کے حوالے سے تجزیوں اور افواہوں کا بازار گرم ہوگیا۔

تاہم تنظیم کے سابق ارکان سے متعلق جاری اعترافی بیانات "داعش کی جعل سازی اور اس کے عکس بندی کے فلمی طریقہ کار" کا انکشاف کرتے ہیں۔

القاعدہ تنظیم کے زیرانتظام ایک گروپ کی جانب سے چند روز قبل جاری ہونے والی ایک وڈیو ٹیپ میں داعش تنظیم کے ایک سابق رکن نے (جو یمن میں تنظیم کی صفوں میں رہ کر لڑائی میں حصہ لے چکا ہے) حوثیوں کے خلاف لڑائی کے حوالے سے داعش تنظیم کی طرف سے تشہیر کیے جانے والے "جھوٹ کے پلندوں" کا انکشاف کیا ہے۔

وڈیو میں ابو عطاء نامی (سابق) داعشی نے اعتراف کیا ہے کہ تنظیم نے یمن میں سنیوں کی متعدد مساجد کو دھماکوں سے شہید کیا۔

ابو عطاء نے یہ بھی بتایا کہ داعش اپنی بعض "وڈیوز" کی ریکارڈنگ کس طرح کرتی ہے۔ اس نے انکشاف کیا کہ ایک مرتبہ حضر موت (یمن) میں داعش کا میڈیا کوآرڈی نیٹر بعض دیگر ارکان کے ساتھ اس کے پاس آیا اور ان سے بعض مناظر کی عکس بندی میں شریک ہونے کے لیے باہر جانے کا مطالبہ کیا، اور بتایا کہ یمن میں حوثیوں کے خلاف داعش کی لڑائی سے متعلق یہ وڈیو جلد ریلیز کی جائے گی۔

ابو عطاء کے مطابق میڈیا کوآرڈی نیٹر نے عکس بندی کے دوران ان سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی بندوقوں اور ہتھیاروں کا رخ پہاڑ کی جانب کرلیں گویا کہ وہ حوثی ملیشیاؤں سے لڑائی میں مصروف ہیں۔

اس کے بعد ایک دوسرے منظر میں اسی داعشی ذمہ دار نے ان سے "حوثی" باغیوں کی اداکاری کرنے کو کہا گویا کہ وہ داعش کے جنگجوؤں کے سامنے سے فرار ہو رہے ہیں۔

جہاں تک تیسرے منظر کا تعلق ہے تو اس میں "ڈرامائی کردار" کا تقاضہ یہ تھا کہ ایک داعشی رکن زمین پر لیٹ جائے اور اس پر اور اس کے برابر سرخ رنگ کا ایک سیال بہہ رہا ہو جس سے خون کا احتمال ہو... منظر کا لب لباب یہ تھا کہ حوثیوں کی ایک پناہ گاہ پر دھاوا بول کر وہاں تمام باغیوں کو ہلاک کردیا گیا ہے... جب کہ درحقیقت وہ داعش کے ہی ارکان تھے جو اداکاری کررہے تھے۔

سابق داعشی کے اعترافات کی اس وڈیو ٹیپ کے ساتھ وہ پہلی وڈیو بھی ساتھ منسلک کردی گئی ہے جو داعش تنظیم کی جانب جاری کی گئی تھی اور پھر دونوں کے درمیان موازنہ کیا گیا ہے۔ سابقہ وڈیو میں فلمائے گئے ان "ہالی ووڈ اسٹائل مناظر" میں ابو عطاء درمیان میں نظر آ رہا ہے۔