.

3 طرح کے دوست بنا کر زندگی میں شادمانی لائیں !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ہم اپنے دوستوں کے ساتھ طویل اوقات گزارتے ہیں اور بعض مرتبہ یہ ان اوقات سے بھی زیادہ بڑھ جاتے ہیں جو ہم اپنے گھر والوں کے درمیان گزارتے ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ اپنے دوستوں کے ساتھ اچھا، پرسکون اور مزے دار وقت گزاریں تو دوستوں کی ایسی اقسام ہیں جن سے دوستی کرنا اور ان کے درمیان رہنا اہم بات ہے۔

انگریزی ویب سائٹ "موٹو" نے تین طرح کے دوستوں کا ذکر کیا ہے جن کی مستقل طور پر آپ کی زندگی میں موجودگی ضروری ہے۔

ویب سائٹ نے ایوہائیو یونی ورسٹی کے پروفیسر اور "دی کمپاس آف فرینڈشپ" کے مصنف ولیم رولنز کے حوالے سے بتایا ہے کہ "دوستوں کی تین اقسام ہیں جو ہر شخص کی زندگی میں ہونا چاہیں : ایسا شخص جس سے بات کی جاسکے، ایسا شخص جس پر اعتماد کیا جاسکے اور ایسا شخص جس کے ساتھ اچھا اور پرلطف وقت گزارا جاسکے"۔

1۔ کوئی ایسا جس سے آپ بات کرسکیں

یہ وہ دوست ہوتا ہے جس سے آپ پوری آزادی کے ساتھ بات کرسکتے ہیں اور جس کے سامنے آپ پوری بے تکلفی کے ساتھ اپنے دل کی بات رکھ سکتے ہیں۔ ساتھ ہی جب آپ اس سے رائے مانگتے ہیں تو وہ آپ کو حتی المقدور معروضیت اور مقصدیت کے ساتھ رائے دیتا ہے اور چاہتا ہے کہ آپ جس حد تک ہوسکتا ہے بہترین ہوجائیں۔ اس دوست کی ذمہ داری اور مشن ہمیشہ یہ ہوتا ہے کہ وہ آپ کو اپنی شخصیت بہتر بنانے میں مدد کرے.. خواہ اس کے لیے وہ آپ کے ساتھ تھوڑا سختی کرنے پر ہی کیوں نہ مجبور ہوجائے تاکہ آپ سیدھے راستے پر آسکیں"۔

2۔ کوئی ایسا جس پر آپ اعتماد کرسکیں

دوستی میں سب سے بہترین چیز آپ کا یہ احساس ہے کہ ایسا کوئی ہے جس پر آپ اپنی روز مرہ زندگی کے ہر معاملے میں اعتماد کرسکیں : ایئرپورٹ آنے جانے میں.. یا اس کا ذاتی جوتا لینے میں تاکہ کسی اہم انٹرویو میں آپ وہ پہن سکیں.. یا ڈاکٹر کے پاس آپ کے اپائنمنٹ کی صورت میں آپ کے چھوٹے بچوں کا خیال رکھنے میں.. پس یہ احساس کہ "آپ کی پشت پر کھڑا ہونے والا" کوئی ہے..آپ کو ہمیشہ راحت اور توازن کا احساس دیتا ہے۔

اس کے برعکس.. آپ بھی کسی ایسے شخص کے لیے مدد کا ہاتھ بڑھا سکتے ہیں جس کو آپ کی جانب سے راحت کے احساس کی ضرورت ہو۔ اگر آپ اپنے دوست کو خوش رکھنے میں کامیاب ہوگئے تو یقینا اس سے آپ کی مسرت میں بھی اضافہ ہوگا۔

3۔ کوئی ایسا جس کے ساتھ آپ اچھا وقت گزار سکیں

اس میں تو ذرہ برابر شک نہیں کہ ہم ان دوستوں کو پسند کرتے ہیں جن کے ساتھ ہمیں خوشی محسوس ہوتی ہے اور ان کی صحبت میں ہمارا وقت شادمانی میں گزرتا ہے۔ تاہم بعض دوست ایسے ہوتے ہیں کہ ہم اپنے گھروالوں یا ساتھ کام کرنے والوں سے زیادہ ان کے ساتھ وقت گزارنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

جب آپ کا کوئی ایسا قریبی دوست ہوتا ہے جو آپ کی طرح کی ذمہ داریوں مثلا بیوی بچوں اور ملازمت سے متعلق پابندیوں میں قید نہیں ہوتا تو آپ اس کے ساتھ بہت آزادی محسوس کرتے ہیں اور ساتھ ہی آپ کو ایک خاص مسرت بھی ہوتی ہے۔