.

’فیس بک‘ تنازع پر مصری خاتون کی خود سوزی کی کوشش

آگ بجھانے کی کوشش کے دوران شوہربھی جھلس گیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سماجی رابطے کے لیے استعمال ہونےو الی ویب سائیٹس جہاں ان جان اور ناواقف لوگوں کو ایک دوسروں کے قریب کرنے میں مدد دے رہی ہیں وہیں دوسری جانب ان کے نتیجے بہت قریبی رشتے ایک دوسرے سے دور بھی ہونے لگے ہیں حتیٰ کہ میاں بیوی کے درمیان طلاق جیسے واقعات میں بھی سوشل میڈیا کا بڑا ہاتھ بتایا جاتا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کےمطابق سوشل میڈیا کے منفی اثرات کا ایک تازہ واقعہ حال ہی میں مصرمیں قاہرہ کے قریب العجوزہ کے مقام پر پیش آیا جب ’’فیس بک‘‘ کے استعمال پر میاں بیوی ایک دوسرے سے الجھ پڑے تو خاتون نے خود سوزی کی کوشش کرتے ہوئے خود کو آگ لگا دی۔ شوہر نے اسے بچانے کی کوشش مگر وہ خود بھی بیوی کی لگائی آگ کےشعلوں کی لپیٹ میں آکر بری طرح جھلس گیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق حال ہی میں العجوزہ کے ایک اسپتال میں آگ میں جھلسے دو میاں بیوی کو علاج کے لیے لایا گیا، جب ان کے حادثے کی وجہ پوچھی گئی تو سب حیران ہوئے۔ شوہر نے بتایا کہ اس نے بیوی سے شکایت کی تھی کہ وہ اپنا زیادہ وقت فیس بک پر صرف کرتی ہےاور گھر کے کام کاج کا اسے بالکل کوئی خیال نہیں۔ اس پر خاتون بگڑ گئی اور غصے میں آکر خود سوزی کی کوشش کی۔ بیوی کی جانب سے خود کو آگ لگانے کے بعد شوہر نے اسے بچانے کی کوشش کی مگر آگ نے اس کےکپڑوں کو بھی اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں وہ بھی جھلس گیا تھا۔