.

یکم رجب.. سعودیوں کی پیدائش اور ریٹائرمنٹ کی تاریخ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اسلامی تقویم کے لحاظ سے یکم رجب یا جیسا کہ بعض لوگ اس کو "1ـ7" کا نام دینا پسند کرتے ہیں، یہ کم از کم ایک تہائی سعودیوں کی تاریخ پیدائش ہے۔ اس سلسلے میں ُان افراد کے شناختی کارڈ میں موجود تاریخ کو بنیاد بنایا جاتا ہے جن کی عمر "45" سے زیادہ ہے۔ یکم رجب کا دن بہت سے سعودی باشندوں کے شناختی کارڈ میں سرکاری طور پر درج تاریخ پیدائش کے مطابق ان کی ریٹائرمنٹ کے آغاز کا بھی دن ہے۔

تاریخ غائب ہوجائے گی

تاریخ کے ایک ماہر عبدالکریم المقبل نے واضح کیا کہ 1400 ہجری سے قبل پیدا ہونے والے اکثر سعودیوں کی تاریخ پیدائش یکم رجب ہے، جب کہ 1400 ہجری اور اس کے بعد پیدا ہونے والے سعودیوں کی پیدائش سے یہ تاریخ غائب ہوجائے گی۔

المقبل کے خیال میں ہجری تقویم کی نئی صدر سعودیوں کے لیے مکمل تصدیق کا دور ہے۔ تاہم بعض علاقوں میں 1390 ہجری کے آغاز سے بھی تصدیق کا وجود ہے۔ ان میں ریاض، جدہ اور دمام میں پیدا ہونے والے افراد شامل ہیں جہاں اس وقت ہسپتالوں کا وجود تھا۔

المقبل نے اس جانب توجہ دلائی کہ شناختی کارڈ کے اجراء کے آغاز میں جس کو اس وقت "التابعیہ" کا نام دیا جاتا تھا لوگوں کے پاس پیدائش کے سرٹفکیٹ نہیں تھے۔ بعد ازاں دانتوں اور ہڈیوں کے ڈاکٹر عمر کے تعین میں پیدائش کے سال کا انداز لگاتے تھے نہ کہ ماہ پیدائش کا۔ اس لیے سال کا نصف وہ مناسب تاریخ تھی جس کو شہریوں کے کوائف کے ادارے نے اندراج کے لیے مقرر کیا۔

ریٹائرڈ افراد کا جم غفیر

دو سال قبل ریٹائر ہونے والے ایک سعودی ملازم عبدالله المطلق کے مطابق انہوں نے اپنا کارڈ تقریبا "40 سال" پہلے نکلوایا تھا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت ان کے پاس پیدائش کا سرٹفکیٹ نہیں تھا لہذا ان کی تاریخ پیدائش ڈال دی گئی۔ اس وقت ان کی عمر "24 برس" تھی۔

المطلق کا مزید کہنا ہے کہ "میری تاریخ پیدائش اندازے سے ڈالی گئی اور یہ درست (اصل) تاریخ نہیں تھی۔ یہ میری عمر اور نسل کے اکثر سعودیوں کی تاریخ پیدائش ہے"۔

المطلق نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" کو بتایا کہ "میں اپنے 10 ساتھیوں اور دوستوں کے ساتھ ریٹائر ہوا تھا اور ہم سب کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ یکم رجب ہے۔ ابھی تک ریٹائرڈ افراد کے جتھے کے جھتے ایسے ہیں جن کی تاریخ پیدائش بھی یہ ہی ہے۔ بالخصوص وہ لوگ جن کی عمر 60 برس سے زیادہ ہے"۔

المطلق نے واضح کیا کہ 1390 ہجری کے اواخر اور 1400 ہجری کی ابتدا میں قومی شناختی کارڈ اندازے سے جاری کیے گئے اس لیے "ان میں ایک یا دو سال کی کمی بیشی ہوسکتی ہے"۔

سعودی عرب میں ریٹائرمنٹ کی عمر 60 سال ہے جب کہ فوجی اہل کاروں کے لیے یہ عمر 55 سال ہے۔

ٹوئیٹر پر سعودی شہریوں کی جانب سے اس اجتماعی تاریخ پیدائش کے حوالے سے ہیش ٹیگ پوسٹ کیا گیا ہے کیوں کہ سعودیوں کی ایک بہت بڑی تعداد کی تاریخ پیدائش یکم رجب ہے۔