.

کلیسائے انگلستان کے سربراہ کا خود کے ناجائز اولاد ہونے کا اعتراف !

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

آرک بشپ آف کنٹربری اور دنیا بھر میں کلیسائے انگلستان کے 8.5 کروڑ سے زیادہ مسیحی پیروکاروں کے روحانی پیشوا جسٹن ویلبی نے ایک چونکا دینے والے انکشاف میں یہ اعتراف کیا ہے کہ وہ اپنی ماں کی ناجائز اولاد ہیں۔

ویلبی اور ان کی والدہ ہمیشہ یہ سمجھتے تھے کہ وہ اپنے اس باپ کی اولاد ہیں جن کا ان کے ساتھ نام لگتا ہے۔ ویلبی کی ماں جین ولیئمز کی گیون ویلبی کے ساتھ 1955 میں شادی ہوئی تھی تاہم وہ صرف 2 سال باقی رہی۔ گیون ویلبی ایک مہاجر یہودی کا بیٹا تھا اور شراب کی فروخت کا کام کرتا تھا۔ شراب نوشی اور تمباکو نوشی کی کثرت کی وجہ سے گیون 1977 میں فوت ہوگیا تھا۔ جسٹن ویلبی کو اس وقت دھچکا پہنچا جب ان پر یہ انکشاف ہوا کہ وہ جس شخص کی اولاد ہیں وہ تو 2013 میں 90 برس کی عمر میں فوت ہوا۔ اس شخص کا نام سر اینتھونی مونٹاگ براؤن تھا اور وہ سابق برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل کا آخری پرائیوٹ سکریٹری تھا۔

تقریبا دو ہفتے قبل ویلبی کا ڈی این اے ٹیسٹ ہوا جو ان کے حقیقی اور حیاتیاتی باپ کے ساتھ مل گیا۔ تاہم ویلبی نے اس راز کو گزشتہ پیر سے قبل فاش نہیں کیا۔ انہوں نے برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے نمائندے کو انٹرویو میں اس بات کا اقرار کیا، یہ انٹرویو جمعہ کی شب اخبار کی ویب سائٹ پر جاری ہوا۔

دونوں جذبات کے ہاتھوں مغلوب ہوگئے

ڈی این اے ٹیسٹ کے بعد جسٹن ویلبی نے اس کے نتیجے کی رپورٹ اپنی والدہ جین ولیئمز کو دکھائی۔ 86 سالہ ماں کے سامنے اس کے سوا کوئی چارہ نہ تھا کہ وہ اس بات کا اعتراف کرلے کہ اس نے واقعی میں اینتھونی براؤن کے ساتھ ایک مرتبہ "شب باشی" کی تھی۔ تاہم یہ واقعہ جین کی گیون ویلبی سے شادی سے کچھ عرصہ پہلے کا تھا۔ اس شب باشی کے تقریبا 9 ماہ بعد 6 جنوری 1956 کو لندن میں جسٹن کی پیدائش ہوئی۔ جس پر ماں کا گمان یہ ہی رہا کہ وہ اس کے شوہر کی اولاد ہے۔

جین ولیئمز بھی 1950ء کی دہائی میں ونسٹن چرچل کے دفتر میں سکریٹری کے طور پر کام کرتی تھیں۔ انہوں نے ٹیلی گراف اخبار کو بتایا کہ براؤن کے ساتھ شب باشی کی وجہ ہم دونوں کا بہت زیادہ شراب نوشی کرلینا تھی۔ اس کے سبب جذبات ہم پر غالب آگئے اور لگتا ایسا ہی ہے کہ ہماری احتیاط بھی کام نہ آسکی لہذا اس کے نتیجے میں جسٹن کی پیدائش ہوئی۔


"میں خفا نہیں.. جین ولیئمز میری ماں اور گیون ویلبی میرا باپ ہے"

اپنے زیمبیا کے سفر سے چند گھنٹے قبل ٹیلی گراف کے نمائندے چارلز مور کو دیے گئے انٹرویو میں جسٹن ویبلی نے انکشاف کیا کہ ان کے حقیقی والد سے ان کی ایک سوتیلی بہن بھی ہے اور اس کا نام بھی ان کی ماں کے نام پر یعنی جین ہے۔

برطانوی آرک بشپ کا کہنا تھا کہ اس تمام پیش رفت اور اعتراف کے بعد بھی اپنی ماں کی جانب ان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ "کوئی بحران نہیں اور کسی کو کسی پر عدم اطمینان نہیں ہے۔ میں نہ خفا ہوا اور نہ ہوں۔ میری ماں جین ولیئمز ہے اور میرا باپ گیون ویلبی۔ دونوں شراب نوشی کی لت میں پڑے ہوئے تھے۔ تاہم میری ماں نے علاج کے ذریعے 1968 میں اس سے جان چھڑالی۔ اس کے بعد سے وہ شراب کے قریب نہیں آئیں اور مجھے ان پر بہت فخر ہے۔ میرا باپ اس وقت فوت ہوا جب میری عمر 21 برس تھی۔