.

لنڈزی لوہان دائرہ اسلام میں داخل؟ میڈیا میں قیاس آرائیاں جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مختلف میڈیا ذرائع میں اس وقت یہ قیاس آرائی جاری ہے کہ کیا ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ لنڈزی لوہان دائرہ اسلام میں داخل ہونے کے بارے میں غور کررہی ہیں۔

ستائیس سالہ لوہان کی گذشتہ سال قرآن مجید کا انگریزی زبان میں ترجمے کا نسخہ ہاتھ میں پکڑے ایک تصویر سامنے آئی تھی،اس کے بعد سے ان کے بارے میں مختلف قیاس آرائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔

برطانوی ٹیبلائیڈ سن میں بدھ کو شائع شدہ ایک انٹرویو میں لنڈزی لوہان نے کہا کہ وہ مسلم عقیدے کے بارے میں جانکاری حاصل کررہی ہیں۔انھوں نے کہا:'' میں ایک روحانی شخصیت ہوں۔امریکا میں قرآن کو ہاتھ پکڑے تصویرکو مختلف انداز میں لیا گیا ہے جبکہ حقیقت کچھ اور تھی''۔

دا سن کی رپورٹ کے مطابق انھوں نے ابھی قرآن مجید کے انگریزی ترجمے کا مطالعہ مکمل نہیں کیا ہے اور لوہان کا کہنا ہے کہ اس میں ابھی بہت وقت لگے گا۔انھوں نے مزید کہا کہ ان کی بہن علی لوہان نے بدھ مت مذہب قبول کر لیا ہے۔

لنڈزی لوہان ایک کیتھولک عیسائی گھرانے میں پیدا ہوئی تھیں۔انھوں نے صرف تین سال کی عمر میں بچہ فیشن ماڈل کے طور پر اپنے کیرئیر کا آغاز کیا تھا۔لڑکپن میں انھوں نے ہالی ووڈ کی کئی مقبول فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھائے تھے اور کامیاب کے جھنڈے گاڑے تھے۔ان میں 2003ء میں ریلیز ہونے والی فلم ''فریکی فرائیڈے'' اور 2004ء کی ہٹ فلم ''مین گرلز'' بھی شامل ہیں۔اس موخر الذکر فلم سے ان کی مقبولیت چاردانگ عالم پھیل گئی تھی۔

اس دوران ان کی کئی سنسی خیز کہانیاں بھی اخبارات کی زینت بنتی رہی ہیں۔انھیں منشیات کے استعمال اور نشے کی حالت میں کار چلاتے حادثات کی وجہ سے جیل کی ہوا بھی کھانا پڑی تھی اور بحالی مرکز میں وقت گزارنا پڑا تھا۔

بدھ کو امریکی ،برطانوی اور آسٹریلوی میڈیا ذرائع میں بڑے پیمانے پر تشہیر اور توجہ حاصل ہونے کے بعد لنڈزی لوہان کے ترجمان نے ایک بیان جاری کیا ہے۔اس میں کہا گیا ہے کہ :'' لنڈزی ہمیشہ بہت روحانی شخصیت رہی ہیں اور وہ تمام مذاہب اور عقائد کا مطالعہ کرنا چاہتی ہیں۔سادہ الفاظ میں اگر کہا جائے تو وہ دوسرے لوگوں کے عقائد کے بارے میں علم حاصل کر رہی ہیں''۔

ان کی مبینہ طور پر روس کے ایک ٹائیکون کے بیٹے آئیگور تاراباسوف سے منگنی ہوچکی ہے۔ان دونوں کی اگلے روز نیویارک کے ایک ہوٹل سے باہر نکلتے ہوئے ایک تصویر بھی منظرعام پر آئی تھی اور انھوں نے اپنی انگلی پر ایک انگوٹھی پہن رکھی تھی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق لوہان اور ان کا منگیتر گذشتہ آٹھ ماہ سے اکٹھے نظر آرہے ہیں۔