.

اٹلی کا فضائی اڈہ.. درجنوں خلیجی لڑاکا ہوابازوں کی تربیت کا ذریعہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اٹلی وہ یورپی ملک ہے جہاں سے درجنوں خلیجی (عرب) ہواباز لڑاکا طیاروں کی تربیت لے کر فارغ التحصیل ہوتے ہیں اور یہاں کے فوجی اڈے متعدد ممالک بالخصوص خلیجی ریاستیں سعودی عرب، قطر، سلطنت عمان اور کویت کے بہترین ہواباز تیار کرنے کے اسٹیج بن گئے ہیں۔

"العربیہ" نے فوجی طیارے کے ذریعے "گالاتینا" کے فضائی اڈے کا دورہ کیا اور وہاں پہنچنے پر اڈے کے کمانڈر نے العربیہ کی ٹیم کا استقبال کیا۔

"گالاتینا" کا اڈہ اٹلی اور یورپ کا سب سے بڑا فضائی اڈہ شمار کیا جاتا ہے اور یہ اٹلی کے جنوبی شہر بریشا میں واقع ہے۔

فضائی اڈے کے ڈائریکٹر کرنل پاؤلو ٹیرنٹینو کا کہنا ہے کہ "ہمارے پاس لڑاکا طیاروں کی تربیت لینے والوں میں کویت کے ہواباز ہیں۔ یہاں سے قریب واقع پیسا فضائی اڈے میں سلطنت عمان اور قطر کے ہواباز ہیں۔ ان کے علاوہ فروزینونے کے فضائی اڈے میں مزید کویتی ہواباز ہیں جو فوجی ہیلی کاپٹروں کی تربیت حاصل کررہے ہیں۔ اسی اڈے میں سعودی ہواباز بھی تربیت لے رہے ہیں"۔

گالاتینا کے فضائی اڈے میں خلیجی عرب ممالک کے نئے فوجی ہوابازوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔ وہ یہاں دنیا کے جدید ترین لڑاکا طیاروں کی خصوصی تربیت حاصل کرنے کے بعد فارغ ہو کر نکلتے ہیں۔ ان میں امریکی ایف طیاروں کی مختلف اقسام، فرانس کے میراج اور اپاچی، تورنیڈو، یورو فائٹر اور بغیر پائلٹ کے طیارے بھی شامل ہیں۔

اس فضائی اڈے میں تعلقات عامہ کے ذمہ دار کیپٹن رفائیللی کا کہنا ہے کہ "ہم تربیت لینے والے ہوابازوں میں لڑائی کی مہارت پیدا کرنے کے لیے پوری دنیا سے لوازمات فراہم کرتے ہیں"

لڑاکا طیاروں کے ہواباز 4 مرحلوں میں نظریاتی اور عملی تربیت حاصل کرتے ہیں تاکہ جنگی ہوابازی کے ماحول سے اچھی طرح واقفیت حاصل کرسکیں، ان میں ہر مرحلہ 7 تقریبا 7 ماہ کے دورانیے پر مشتمل ہوتا ہے۔ یہ ہواباز مختلف حالات مثلا فضا سے زمین اور فضا سے فضا میں لڑنے کی تربیت حاصل کرتے ہیں۔