.

زیادہ 'سلیفیاں' آپ کو جلد بوڑھا کر سکتی ہیں!

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

لندن میں جمالیاتی طب کے موضوع پر ہونے والی کانفرنس اور نمائش میں شریک ماہرین جمالیات کا کہنا ہے کہ حالیہ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ موبائل فون کے ذریعے زیادہ 'سیلفیاں' لینا جلد پر جلدی جھریاں پیداکرنے کا باعث ہوسکتا ہے۔

برطانوی ماہر جلد سائیمن زکائی کے مطابق " موبائل فون کے ذریعے رابطے، سوشل میڈیا کے استعمال یا تصویر لیتے وقت فون کی سکرین سے خارج ہونے والی نیلی روشنی جلد کے لئے نقصان دہ ثابت ہوتی ہے۔ اس سے جلد بوڑھا ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں کیونکہ سکن کو دھوپ کی تمازت سے بچانے والے 'سن بلاکر' بھی موبائل فون سے خارج ہونے والی شعاعوں سے محفوظ رکھنے میں ناکام رہتے ہیں۔

موبائل فون کے استعمال میں افراط وتفریط سے پیدا ہونے والے مضر اثرات کے بارے میں ایسی گفتگو پہلی مرتبہ سامنے نہیں آئی۔ موبائل فون کے زیادہ استعمال سے گردن میں درد سمیت متعدد بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں کیونکہ فون کو دیکھنے اور سننے کے لئے گردن اور سر کو ایک خاص زاویئے پر رکھنا پڑتا ہے۔

ماہرین جلد کا کہنا ہے کہ موبائل فون کا زیادہ استعمال سے چہرے پر گہرا نشان پڑنے کا بھی اندیشہ ہے کیونکہ فون پر بات کرتے وقت جلدی مساموں پر زیادہ دباؤ پڑتا ہے۔ مشہور ماہر جلد زین عبجی کا دعوی ہے "کہ میں کسی بھی شخص کو دیکھ کر یہ بتا سکتی ہوں کہ فون سنتے وقت وہ چہرے کا دائیں حصہ زیادہ استعمال کرتا ہے یا بائیں کیونکہ جس سمت پر زیادہ دیر فون رکھ کر سنا جاتا ہے وہ زیادہ تھکی نظر آتی ہے۔"

متذکرہ مضر اثرات سے متعلق آئے روز سامنے آنے والی تحقیق کے بعد فون بنانے والی کمپنیاں ایسی سنجید ہ کوششیں کر رہی ہیں کہ جن سے موبائل فون کے جلد پر مضر اثرات کو کم سے کم کیا جا سکے۔